یونس خان نہیں کھیلیں گے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوچیّ میں بھارت کے خلاف سنیچر کو پہلے ایک روزہ میچ میں ان فارم بیٹس مین یونس خان بخار کی وجہ سے نہیں کھیل پائیں گے۔ ادھر بھارت کے آوٹ آف فارم کپتان سورو گنگولی نے نمبر تین پر کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اوپنگ کی ذمہ داری سچن تیندولکر اور ویریندر سہواگ کو سونپی گئی ہے۔ جنوبی ریاست کیرالہ کے اس سر سبز تجارتی مرکز میں اس سے قبل تین ایک روزہ میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے دو میں بھارت نے تین سو سے زیادہ رن بناکر جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ وکٹ بالکل ویسی ہی ہے جیسی پہلے تھی اور گراؤنڈ کے کیوریٹر کستوری رنگن کہتے ہیں کہ میچ میں خوب رن بنیں گے۔ امکان یہ ہی ہے کہ ٹاس جتینے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کرکے ایک بڑا اسکور بنانے کی کوشش کرے گی۔ کوچیّ میں اس وقت بلا کی گرمی ہے لیکن ٹکٹوں کی فروخت پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ شہر کا جواہر لال نہرو اسٹیڈیم کلکتہ کے ایڈن گارڈن کے بعد ملک کا سب سے بڑا کرکٹ میدان ہے جس میں اسی ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ لیکن حیرت کی بات یہ ہے اسٹیڈیم میں پاکستان کو ’سپورٹ‘ کی کمی محسوس نہیں ہوگی کیونکہ مقامی صحافیوں کے مطابق مسلمانوں کی بھاری آبادی والے قریبی اضلاع ملاپورم اور کالی کٹ سے بڑی تعداد میں لوگ میچ دیکھنے آئیں گے اور ’ کھل کر پاکستان کی حمایت کریں گے۔‘ ’یہ لوگ غدار نہیں ہیں، بس پاکستان ان کو بہت اچھا لگتا ہے۔‘ کیرالہ میں اٹھائیس فی صد مسلمان ہیں اور شاید ہر گھر سے کم سے کم ایک فرد خلیجی ممالک میں کام کرتا ہے۔ میچ کے لیے سیکیورٹی کا انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور اسٹیڈیم کو ایک چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے ایک کھلاڑی کے مطابق پورا کیرلہ پاکستانی ٹیم کے لیے دعائیں کر رہا ہے۔ جمعہ کو دونوں ٹیمیں نیٹ پریکٹس کے لیے آئیں اور گنگولی بہت فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے اسی میدان سے کپتانی شروع کی تھی اور امید کی جا رہی ہے وہ اپنی کھوئی ہوئی فارم یہیں سے حاصل کریں گے۔ لیکن خود نمبر تین پر کھیلنےکا فیصلہ کرکے انہوں نے اعتماد کی کمی ظاہر کی ہے اور انضمام الحق پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ گنگولی پر دباؤ ڈالنے میں وہ کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||