BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 28 March, 2005, 12:05 GMT 17:05 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بنگلور: پاکستان کی فتح، سیریز برابر

پاکستان نے میچ جیت کر چنا سوامی اسٹیڈیم میں تاریخ دہرا دی ہے
پاکستان نے میچ جیت کر چنا سوامی اسٹیڈیم میں تاریخ دہرا دی ہے
چناسوامی اسٹیڈیم میں پاکستان نے تاریخ دہراتے ہوئے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 168 رن سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کو ایک ایک سے برابر کر دیا ہے۔

موہالی ٹیسٹ برابر رہا تھا جبکہ کولکتہ ٹیسٹ میں بھارت نے195 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یونس خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا جبکہ وریندر سہواگ مین آف دی سیریز قرار پائے۔

بنگلور ٹیسٹ کے فیصلہ کن دن بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں383 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پوری ٹیم صرف 214 رن پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی بولروں میں شاہد آفریدی تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے کنیریا، سمیع اور ارشدخان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلور ٹیسٹ کے آخری دن یہ بات کھل کر سامنے آئی کہ دنیا کی سب سے مضبوط کہلانے والی بیٹنگ لائن بھی دباؤ میں حوصلہ ہار سکتی ہے۔

کپتان انضمام الحق کو کریڈٹ جاتا ہے کہ پہلے انہوں نے اپنی سنچری سے اپنے سوویں ٹیسٹ کو یادگار بنایا اور پھر جیت سے اس میں رنگ بھر دیے۔

انضمام الحق نے آخری دن اپنے بولروں کو وقفے وقفے سے تبدیل کرتے ہوئے موثر انداز میں استعمال کیا اور تمام وقت بھارتی ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔

بھارت نے25 رن بغیر کسی نقصان کے دن کا آغاز کیا تو جلد ہی یہ اندازہ ہوگیا کہ کہ میچ کا آخری دن فیصلہ کن ثابت ہو گا اور کھلاڑیوں کو کڑے امتحان سے گزرنا ہو گا۔

پاکستانی ٹیم کے لیےصبح کے سیشن میں امپائرز کے دو فیصلے بجلی بن کر گرے۔ عبدالرزاق کی گیند پر گوتم گمبھیر کے خلاف وکٹ کیپر کے کیچ کو امپائر بلی باؤڈن نے مسترد کر دیا حالانکہ اسنیکو میٹر نے واضح طور پر دکھا دیا کہ گیند نے بلے کا کنارہ لیا تھا۔

امپائر سائمن ٹافل نے بھی ایسا ہی فیصلہ محمد سمیع کی گیند پر سہواگ کو ناٹ آؤٹ کی صورت میں دیا جس پر کپتان انضمام الحق جذباتی ہو گئے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی 87 رن پر اسوقت ملی جب مڈ آن سے عبدالرزاق کی تھرو سہواگ کے کریز کی طرف واپس پلٹنے سے پہلے ہی صحیح نشانے پر جالگی۔ سہواگ نے چھ چوکوں کی مدد سے38 رنز بنائے۔

دوسرے سیشن میں پاکستانی ٹیم چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔108 کے سکور پرگوتم گمبھیر ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد52 رن پر محمد سمیع کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

راہول ڈراوڈ کی قیمتی وکٹ حاصل کر کے پاکستانی ٹیم نے میزبانوں پر اپنا دباؤ بڑھادیا۔ ڈراوڈ 16 رن پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ ہوکر ارشد خان کی اس میچ میں پہلی وکٹ بنے۔

وی وی ایس لکشمن 5 رن بنا کر شاہد آفریدی کی گیند ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
سوروگنگولی کی بیٹنگ کے مایوس کن سلسلے نے پاکستان کے لیے جیت کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ بھارتی کپتان صرف 2 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے تو انہیں یقین نہ آیا کہ ایسا ہوچکا ہے وہ کافی دیر کریز پر کھڑے رہے۔ اسوقت بھارت کا سکور پانچ وکٹوں پر135 رنز تھا۔

پاکستانی ٹیم نے سچن ٹنڈولکر کی قیمتی وکٹ حاصل کرنے کا موقع اس وقت ضائع کردیا جب 11 کے انفرادی سکور پر عاصم کمال نے محمد سمیع کی گیند پر ان کا کیچ گرادیا لیکن وہ پانچ رن کے اضافے پر عاصم کمال کے ہی ہاتھوں شاہد آفریدی کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

عرفان پٹھان بغیرکوئی رن بنائے ارشد خان کی گیند پر کلوز فیلڈر یوحنا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ امپائر ٹافل کو اس فیصلے کے لیے ٹی وی امپائر کی مدد لینی پڑی۔ بھارت کی آٹھویں وکٹ189 رنز پر گری۔

پاکستانی ٹیم جیت سے ایک قدم اور قریب اسوقت ہوئی جب کنیریا کی گیند پر یونس خان نے کیچ لے کر آٹھ رن بنانے والے ہربھجن سنگھ کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کمبلے اور بالاجی کی کریز پر طول پکڑتی موجودگی پاکستانی ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث بنتی جارہی تھی لیکن ان کی کوششیں اسوقت دم توڑگئیں جب بالاجی کو ارشد خان نے یوحنا کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔کمبلے37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

مین آف دی میچ ایوارڈ تقریب میں جب سوروگنگولی روی شاستری سے بات کرنے آئے تو شائقین نے ناراض انداز میں ان پر ہوٹنگ کی۔

پاکستان کے لیے چناسوامی اسٹیڈیم ایک بار پھر خوش قسمتی کی علامت ثابت ہوا۔ سترہ سال قبل عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد سولہ رن سے بازی اپنے نام کی تھی۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد