عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، چندی گڑھ |  |
پاکستان اور بھارت کے درمیان منگل سے موہالی میں شروع ہونے والا پہلا کرکٹ ٹیسٹ دیکھنے کے لیے پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد اتوار کو ٹرین اور بسوں کے ذریعے چندی گڑھ پہنچی تو جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ پاکستان سے واہگہ کے راستے آنے والی ان بسوں میں سوار پاکستانی مہمانوں کے استقبال کے لیے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن نے مقامی بس سٹینڈ کے بجائے چندی گڑھ کے سیکٹر سولہ سٹیڈیم میں خصوصی انتظامات کیے تھے۔ پاکستانی شائقین کو یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی کہ ان کا استقبال گلدستوں اور پھولوں کے ہار پہنا کر کیا گیا اور انہیں پُرجوش انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ یہ شائقین بظاہر کرکٹ میچ کے لیے بھارت کی جانب سے جاری کردہ ویزوں کے تحت یہاں آئے ہیں لیکن ان میں سے بیشتر کو سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اپنے عزیز و اقارب سے بھی مل سکیں گے۔ ستر سالہ فاطمہ خاتون یہ لمحات کبھی نہیں بھول سکیں گی جو انہیں چندی گڑھ پہنچنے کے بعد میسر آئے ہیں۔ قیامِ پاکستان کے وقت وہ تیرہ سال کی تھیں جب وہ پٹیالہ سے بیاہ کر پاکستان آ گئی تھیں جس کے بعد انہیں اب اپنے آبائی شہر آنے کا موقع ملا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ میچ کے بعد پٹیالہ میں اپنا آبائی گھر تلاش کرنے ضرور جائیں گی۔ چندی گڑھ پہنچنے والوں میں عمر رسیدہ افراد کی بڑی تعداد شامل ہے جو گئے دنوں کی یادیں پھر سے تازہ کر کے وطن واپس جائیں گے۔ لیکن ان کے ساتھ مہمان نوازی اور محبت و خلوص کے تحائف بھی ہوں گے۔ |