مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام،اسلام آباد |  |
پاکستان اور بھارت کے مابین آٹھ مارچ سے شروع ہونے والی کرکٹ سیریز آخری لمحات پر شدید بحران کا شکار ہونے سے بچ گئی کیونکہ پی ٹی وی، بھارتی کرکٹ بورڈ اور سونی ٹی وی کے درمیان اس سیریز کے میچ براہ راست نشر کرنے پر معاہدہ طے پا گیا۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات شیخ رشید نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیریز میں پاکستان کے چودہ کروڑ عوام کے جذبات بھی کھیلیں گے اور ساری قوم اس کو دیکھنا چاہتی ہے۔ لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس سیریز کو دکھانے کے حقوق اس قدر مہنگے کر دیئے کہ پاکستان کو ان کے خریدنے میں بہت مشکلات کا سامنا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستانی حکومت پیر کو اس سیریز کے بارے میں ایک حتمی اعلان کرنے والی تھی مگر آخری لمحات میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جگ موہن ڈالمیا اور سونی ٹی وی کے سربراہ داس گپتا کے ساتھ پاکستان میں پی ٹی وی نے یہ میچ دکھانے کے حقوق چھ لاکھ پچاس ہزار ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کر لیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور سونی ٹی وی کے سربراہ داس گپتا کے ممنون ہیں جن کی وجہ سے یہ معاہدہ ہوا اور اب پاکستان میں یہ میچ براہ راست دکھائے جائیں گے۔ پاکستان کل سے موہالی میں بھارت کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہا ہے۔ |