انضمام، رزاق اگلے ٹیسٹ کے لیے تیار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق اور آل راؤنڈر عبدالرزاق آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں کھیلیں گے۔ کمر میں درد کی وجہ سے انضمام الحق نے میلبورن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لیا تھا جبکہ عبدالرزاق نامعلوم بیماری کی وجہ سے دو دفعہ ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔ میلبورن ٹیسٹ کے دوران عبد لرزاق کو غنودگی کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا۔ تاہم بعد میں انہوں نے ٹیم کی دوسری اننگز کھیلی۔ میچ کے بعد انہیں دوبارہ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کو ابھی فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا تاہم ان کے کھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ پاکستان دو کے مقابلے میں صفر سے سیریز ہار چکا ہے۔ پاکستان کے دوسرے دو کھلاڑی محمد سمیع اور شعیب ملک زخمی ہونے کے باعث نہیں کھیل سکیں گے۔ سمیع پاؤں میں چوٹ کی وجہ سے آرام کر رہے ہیں جبکہ ملک کے ہاتھ کی انگلی زخمی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر ہارون رشید نے کہا ہے کہ ’انضمام علاج کرواتے رہے ہیں اور جم جا رہے ہیں اور آثار اچھے ہیں لیکن ہمیں صحیح صورتحال تب تک معلوم نہیں ہوسکے گی جب تک ہم اس کی بیٹنگ نہیں دیکھ لیتے‘۔ رزاق کے بارے میں ہارون نے کہا کہ ’انہیں گزشتہ شام ہسپتال سے فارغ کیا گیا ہے اور وہ کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ کسی کو بھی معلوم نہیں کہ انہیں کیا مسئلہ تھا۔ اسے شدید سر درد تھا‘۔ آسٹریلیا نے لیگ سپنر سٹورٹ میک گل اور آل راؤنڈر شین واسٹن کو سڈنی ٹیسٹ کے لیے دستے میں شامل کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||