بھارت نیوزی لینڈ نہیں جائے گا؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امکان ہے کہ بھارت نیوزی لینڈ میں ہونے والی سیریز میں سری لنکا کی جگہ کھیلنے کی پیشکش قبول نہیں کرے گا۔ سری لنکا نے سنامی سے پھیلنے والی بربادی کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سینیئر اہلکار امرت ماتھر نے کہا ہے کہ ’نیوزی لینڈ نے ہم سے رابطہ تو نہیں کیا لیکن اگر کوئی بات ہوتی بھی ہے تو بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ ان کی پیشکش قبول کر لی جائے گی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’لڑکے چھ ماہ سے خاصے مصروف ہیں اور انہیں فروری کے آخری ہفتے میں پاکستانی ٹیم کے دورہ سے قبل آرام کی ضرورت ہے۔‘ سری لنکا کو اپنے دورے کے دوران کھیلے گئے واحد ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف مارٹن سنیڈن نے اس کے برعکس یہ امید ظاہر کی ہے کہ بھارت کو سری لنکا کی جگہ کھیلنے پر رضامند کیا جا سکے گا تا کہ فروری میں آسٹریلوی ٹیم کی آمد سے پہلے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو معیاری کرکٹ کھیلنے کا موقع مل سکے۔ تاہم بھارت کی غیرآمادگی کے سبب سری لنکا کی جگہ کوئی متبادل ٹیم ملنا بظاہر مشکل دکھائی دے رہا ہےکیونکہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی دیگر ٹیمیں پہلے ہی میچوں میں مصروف ہیں۔ مارٹن سنیڈن نے یہ امید بھی ظاہر کی ہے کہ سری لنکا کا دورۂ نیوزی لینڈ کا اہتمام آئندہ دو برس میں کسی اور موقع پر کیا جا سکے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو میلکم سپیڈ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سری لنکا کو نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے پر جرمانہ نہ کیا جائے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||