پاکستان نے جرمنی کو ہرا دیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے ایک زبردست اور دلچسپ مقابلے کے بعد عالمی چیمپئن جرمنی کو ایک کے مقابلے تین گول سے شکست دی ہے۔ پاکستان کی جانب سے پہلا گول پینلٹی کارنر لگانے کے ماہر سہیل عباس نے تینتیسویں منٹ پر ملنے والے پینیلٹی کارنر پر کیا۔ پہلے ہاف میں پاکستان نے دو اور جرمنی نے ایک پینلٹی کارنر حاصل کیا۔ پہلے ہاف کا کھیل قدرے سست تھا اور پاکستان کی ٹیم پوری طرح کھل کر اپنے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پا رہی تھی۔ پہلے ہاف میں پاکستان کے گول کیپر سلمان اکبر نے دو گول انتہائی خوبصورتی سے بچائے۔ دوسرے ہاف کا کھیل خاصا دلچسپ رہا اور کھیل میں خاصی تیزی آ گئی۔اور دونوں ٹیمیوں نے ایک دوسرف کے گول پر حملے شروع کر دیے اس کشمکش میں جرمنی کی ٹیم کو میچ کے چالسیویں منٹ میں پینلٹی کارنر ملا اور اس کے کھلاڑی جین مارکو نےگول کر کے پاکستان کی برتری ختم کر دی۔ جرمنی کے گول کے بعد پاکستان کی ٹیم نے جرمنی کےگول پر زبردست حملہ کیا اور یکے بعد دیگرے دو پینلٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تاہم سہیل عباس ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ اس کے بعد جرمنی نے بھی جوابی حملہ کیا اور اس کے کھلاڑی کی ایک زبردست کوشش کو پاکستان کے گول کیپر نے ناکام بنا کر ایک یقینی گول بچایا۔ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول فیلڈ گول تھا جسے فارورڈ شکیل عباسی نے کیا۔ پاکستان کی جانب سے تیسرا گول باسٹھویں منٹ پر ملنے والے پینلٹی کارنر پر ہوا تاہم اس بار سہیل عباس نے بال گول پوسٹ میں پھینکنے کی بجائے پاس کاشف جواد کو دیا جس نے گول سکور کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ پاکستان کے کپتان وسیم احمد کا کہنا ہے کہ ہم نے جرمنی کو چھ میچوں کے بعد ہرایا ہے اور ہمیں اس جیت کی بہت خوشی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان ہونے والے آٹھ میچوں میں سے یہ پاکستان کی دوسری کامیابی ہے۔ جرمنی کی یہ ٹیم نسبتاّ نئے کھلاڑیوں پر مشتمل تاہم اس ٹیم نے پاکستان کی ٹیم کو خاصا سخت مقابلہ دیا۔ کل بھارت کا میچ ہالینڈ سے ہے جرمنی کا سپین سے اور پاکستان اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||