ورلڈ سنوکر، پاکستان آئندہ میزبان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سنوکر کی عالمی فیڈریشن نے پاکستان کو 2005 کی عالمی امیچور سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی دے دی ہے۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر علی اصغر ولیکا نے دبئی سے بی بی سی کو فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہالینڈ میں عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے دوران ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے نائب صدر شاہنواز خان اور عالمگیرشیخ اپنے موقف سے یورپی ممالک کے سکیورٹی کے ضمن میں خدشات دور کرنے میں کامیاب رہے۔ اصغر ولیکا کا کہنا تھا کہ کافی دنوں سے وہ یورپی ممالک سے رابطے میں تھے اور انہیں اس بات پر قائل کررہے تھے کہ پاکستان کسی بھی عالمی مقابلے کے لئے محفوظ ملک ہے اور جہاں تک دہشت گردی کا تعلق ہے یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ علی اصغرولیکا نے کہا کہ عالمی سنوکر فیڈریشن کے نومنتخب فرانسیسی صدر نے انہیں فون کرکے پاکستان کو آئندہ سال سنوکر کی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی دیے جانے کی اطلاع دی اور مبارک باد پیش کی ۔ اصغرولیکا نے کہا کہ پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے یہ چیمپئن شپ کراچی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم متبادل شہر کے طور پر اسلام آباد کو رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ 1993 کی طرح اس مرتبہ بھی عالمی مقابلے کو شاندار انداز میں کرایا جائے۔ پاکستان نے دو مرتبہ عالمی سنوکر مقابلے کی میزبانی کی ہے 1966 میں دوسری عالمی امیچور سنوکر چیمپئن شپ چھ کھلاڑیوں کے ساتھ کراچی کے مسلم جمخانہ میں منعقد ہوئی البتہ 1993 میں کراچی کے فائیواسٹارہوٹل میں ہونے والی چیمپئن شپ بہت بڑے پیمانے پر منعقد ہوئی تھی۔ ورلڈ چیمپئن شپ کے علاوہ پاکستان میں ایشین چیمپئن شپ کا انعقاد بھی تین مرتبہ ہوچکا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||