سری لنکا 7 وکٹوں سے کامیاب | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے اپنے بالرز کے ذریعے زمبابوے کو کم سکور پر محدود کرنے کے بعد سات وکٹوں سے با آسانی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس کامیابی کے بعد اس کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ زمبابوے کی مسلسل تیرہویں شکست ہے۔ راولپنڈی میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکن کپتان مرون اتاپتو نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ دی۔ ان کا یہ فیصلہ ان کے بالرز نے درست ثابت کردکھایا اور زمبابوے کی ٹیم 33 اوورز میں صرف 104رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ زمبابوے کے بیٹسمین کسی بھی موقع پر سری لنکن بولنگ کا اعتماد سے مقابلہ نہ کرسکے۔ اسٹورٹ ماتسیکنیری سات چوکوں کی مدد سے37 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔ ڈیون ابراہیم نے24 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کا سکور ایک موقع پر54 رنز تھا اور اس کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا، لیکن آخری9 وکٹیں صرف50 رنز کا اضافہ کرسکیں۔ سری لنکا کی طرف سے لیگ اسپنر اپل چندنا نے پندرہ رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ فرویز ماہروف، دلہارا فرنینڈو اورچمندا واس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا نے مطلوبہ اسکور19 ویں اوور میں تین وکٹیں کھوکر پورا کرلیا۔ اوشکا گوناوردھنے کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے سمن جیانتھا نے چار چوکوں کی مدد سے21 رنز بنائے۔ سنتھ جے سوریا نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے40 رنز اسکور کئے۔آؤٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین اپل چندنا تھے جو7 رنز بناسکے۔ تلکارتنے دلشن26 اور فرویز ماہروف7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سہ فریقی ون ڈے سیریز میں زمبابوے کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔ اس سے قبل اسے پاکستان کے ہاتھوں دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ زمبابوے کی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ پیر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||