بھارت: ہاکی ٹیم سے چار اولمپیئن باہر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں ہاکی کے سلیکٹرز نے اس ماہ کے آخر میں پاکستان سے آٹھ میچوں پر مبنی سیریز کھیلنے والی اٹھارہ رکنی ٹیم سے چار اولمپک کھلاڑیوں کو علیحدہ کر دیا ہے۔ سلیکٹرز نے اس فیصلے کا اعلان پیر کو کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں بلجیت ڈھلون، گگن اجیت سنگھ، دیپک ٹھاکر اور پربھت سنگھ اس بھارتی ہاکی ٹیم میں شامل تھے جو حال ہی میں ہونے والے ایتھنز اولمپکس میں ساتویں نمبر پر رہی۔ انڈین ہاکی فیڈریشن کے صدر کے پی ایس گِل نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھیلی جانے والی سیریز چیمپیئنز ٹرافی اور جونیئر ورلڈ کپ کے لیے کی جانے والی تیاریوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کی کوشش رہی ہے کہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے درمیان توازن قائم کیا جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپی طرزِ کھیل سے بھارتی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو متاثر نہیں کر رہا ہے۔ پاکستان کے ساتھ کھیلی جانے والی سیریز کے پہلے چار میچ پاکستان جبکہ باقی بھارت میں کھیلے جائیں گے۔ بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ گےہارڈ راچ کا کہنا ہے کہ سیریز کے دوران بھارتی ٹیم کی کوشش ہو گی کہ زیادہ سے زیادہ پینلٹی کارنر حاصل کرے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||