یو ایس اوپن: فیڈرر فاتح | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
راجر فیڈرر نے یو ایس اوپن کے مردوں کے مقابلے میں اپنے حریف لیٹن ہیوٹ کو ایک شاندار کھیل کے بعد شکست دے دی ہے۔ کئی مرتبہ تو ایسا لگتا تھا کہ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی کو کھیلنا شاید ہیوٹ کے بس کا کام نہیں ہے۔ تاہم ہیوٹ نے مقابلہ بھی کیا لیکن فیڈرر یہ میچ 0-6، 6-7، 3-7، 0-6 سے جیت گئے۔ ہیوٹ لگاتار سولہ میچ جیت کر یو ایس اوپن کے فائنل پہنچے تھے لیکن میچ کے آغاز میں ہی فیڈرر نے کھیل کا کنٹرول سنبھال لیا اور پہلا سیٹ چھ صفر سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں ہیوٹ نے بہت سخت مقابلہ کیا لیکن یہ سیٹ پھر فیڈرر سات چھ سے جیت گئے۔ فیڈرر تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جو اپنے پہلے چار گرینڈ سلام فائنل جیتے ہیں۔ اور 1988 میں میٹس ولینڈر کے بعد وہ پہلے کھلاڑی ہیں جو ایک سال میں ہی تین گرینڈ سلام حاصل کر چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ آسٹریلیا اور ومبلڈن میں فاتح رہ چکے ہیں۔ فیڈرر نے میچ جیتنے کے بعد کہا کہ ’میں بہت خوش ہوں، اور جو میں نے اس سال کیا ہے مجھے اسکا ابھی بھی یقین نہیں آتا‘۔ انہوں نے کہا کہ فائنلز کھیلنا ہمیشہ ہی بہت اہم ہوتا ہے اور ’پہلا سیٹ چھ صفر سے جیتنا ایک بالکل مناسب آغاز تھا‘۔ میچ ہارنے کے بعد ہیوٹ نے کہا کہ ’اس (فیڈرر) کا چار میں سے تین گرینڈ سلام جیتنا ایک بہت ہی شاندار کارکردگی ہے‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||