مسکینا فرینچ اوپن جیت گئیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انیستاسیا مسکینا روس کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا ہو۔ انہوں نے فرینچ اوپن ٹینس کے مقابلے میں اپنی حریف روس ہی کی دوسری کھلاڑی ایلینا ڈیمنتیوا کو چھ۔ایک اور چھ۔دو سے ہرا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ ٹینس کی ان دو روسی خواتین کھلاڑیوں نے اپنی دوستی کو بالائے طاق رکھ کر سنیچر کے روز ٹینس کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔ مسکینا نے فائنل تک پہنچنے سے پہلے وینس ولیمز اور جینیفر کیپریاتی کو شکست دی جبکہ ڈیمنتیوا، ایمیلی موریسمو اور لینڈسے ڈیون پورٹ کو ہرا کر فائنل میں پہنچیں ہیں۔
ان دونوں خواتین کھلاڑیوں میں بہت سی قدریں مشترک ہیں۔ دونوں کی عمریں بائیس برس ہیں، دونوں نے بچپن میں ماسکو سے ٹینس کا آغاز کیا اور دونوں نے سابق یو ایس اوپن چیمپیئن مارات سافن کی والدہ سے ٹینس کی تربیت حاصل کی۔ ڈیمنتیوا کو گرینڈ مقابلوں میں شرکت کا زیادہ تجربہ تھا لیکن مسکینا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کر کے یہ مقابلہ جیت لیا۔ مسکینا اس وقت شہ سرخیوں میں آنے لگیں جب انہوں نے اس برس ہونے والے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران اپنے کوچ سے یہ بحث کی کہ وہ ان کی مناسب حوصلہ افزائی نہیں کر رہے۔
دوسری جانب برطانیہ کے ٹِم ہنمین کا کہنا ہے کہ وہ پیرس میں منعقدہ فرنچ اوپن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں شکست کے باوجود دو ہزار چار کی کارگزاری پر خوش ہیں۔ جلرمو کوریا سے شکست کے بعد ٹِم ہنمین نے کہا کہ ’میں تیسرے راؤنڈز سے آگے کبھی نہیں پہنچا تھا اس لیے سیمی فائنلز تک آ جانا ہی فخر کی بات ہے۔‘ گزشتہ اکتالیس برس کے دوران ٹم ہینمین فرنچ اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||