شین وارن مرلی پر برس پڑے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آسٹریلوی بالر شین وارن نے مرلی دھرن کے آسٹریلیا نہ جانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میلبورن سے چھپنے والے اخبار ہیرالڈ سن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شین وارن نے مرلی دھرن کو ضرورت سے زیادہ حساس قرار دیا ہے۔ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ آسٹریلیا میں ان کے بہت سے نقاد ہیں لیکن کوئی بھی اس بات کا متحمل نہیں ہو سکتا کہ اپنے ناقدین کو اپنے مقصد میں کامیاب ہونے دے۔‘ یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتے پہلے آسٹریلیا کے وزیر اعظم جان ہاورڈ نے مرلی دھرن کے ایکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ لیکن بدھ کے روز وزیر اعظم نے سڈنی ریڈیو کو بتایا کہ وہ نہیں جانتے مرلی دھرن نے آسٹریلیا نہ آنے کا فیصلہ کیوں کیا۔ ’یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ انہوں نے آسٹریلیا نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ذاتی وجوہات کو اس کی وجہ بتایا ہے اور میں اسے قبول کرتا ہوں۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود اپنے رویہ کو بھی اس فیصلہ کا ذمہ دار سمجھتے ہیں تو انہوں نے جواب نفی میں دیا۔ انگلش کاؤنٹی ٹیم ہیمشائر کی طرف سے بیٹنگ کرتے ہوئے شین وارن کا ہاتھ زخمی ہو گیا جس کی وجہ سے وہ سری لنکا کی ٹیم کے دورے کے لئے آسٹریلوی ٹیم سے باہر ہو سکتے ہیں۔ لیکن انہیں پھر بھی افسوس ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔ آسٹریلیا کے مایہ ناز بالر ڈینس للی نے بھی مرلی دھرن کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ’مجھے بچپن سے ہی ان لوگوں سے انتہائی نفرت ہے جو ایسے موقعوں پر بات اٹھا کر گھر چل دیتے ہیں۔ یہ انتہائی گھٹیا فیصلہ ہے۔ اب تک تو مرلی دھرن کھیلتے رہے اور آسانی سے دھڑا دھڑ وکٹیں لیتے رہے۔ اب ذرا مشکل حالات کا سامنا ہوا تو گھبرا رہے ہیں۔‘ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||