مرلی دھرن کے لیے وزیر اعظم کی اپیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا کے وزیر اعظم ماہیندہ راج پاکسے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی طرف سے مرلی دھرن کی مخصوص گیند ’دوُسرا‘ پر پابندی لگائے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ سری لنکا کے وزیر اعظم کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ مرلی دھرن پر لگائی جانے والی پابندی کے خلاف سری لنکا کے وزیر اعظم عالمی کرکٹ کونسل کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اگر مرلی دھرن نے دوُسرا گیند کرانی بند نہ کی تو ان پر ایک سال کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلنے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ مرلی دھرن کی دوُسرا گیند سیدھے ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے پچ پر پڑنے کے بعد باہر نکلتی ہے۔ سری لنکا کے بتیس سالہ کھلاڑی مرلی دھرن اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کر چکے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے بالر کورٹنی والش کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ مرلی دھرن کے معاملے پر وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان اور بھارت کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جگ موہن ڈالمیا سے پہلے ہی بات کر چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سری لنکا، آسٹریلیا اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مشہور وکلاء کی خدمات حاصل کر رہا ہے تاکہ اس معاملے پر آئی سی سی کے خلاف مقدمہ دائر کرنے پر غور کیا جاسکے۔ مرلی دھرن نے کہا کہ اس معاملے پر انہیں اپنی حکومت سے جو مدد فراہم کی جا رہی ہے اس پر وہ نہایت مطمئن اور خوش ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||