’مرلی ہزار وکٹیں لے سکتے ہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آسٹریلیا کے سٹار بولر شین وارن نے کہا ہے کہ ان کے ہم عصر سری لنکا کے سپنر مرلی دھرن ٹیسٹ ریکارڈ میں ان سے سبقت لے جائیں گے اور وہ 1000 وکٹیں بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس وقت کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے ویسٹ انڈیز کے تیز بولر کورٹنی والش 519 وکٹیں لینے کے بعد سب سے آگے ہیں۔ ان کے پیچھے شین وارن 517 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور مرلی دھرن 513 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ مرلی دھرن پہلے والش کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے کیونکہ اس ماہ کے آخر میں سری لنکا کی ٹیم زمبابوے کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔ وارن نے کہا: ’میرے خیال میں مرلی 1000 وکٹیں حاصل کر لیں گے۔ یہ ناممکنات میں سے نہیں ہے‘۔
ہیمشائیر کے نئے کپتان شین وارن کا کہنا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے پہلے 600 کے قریب وکٹیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چونتیس سالہ کرکٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میں چاہوں گا کہ ریٹائرمنٹ سے پہلے 80 ٹیسٹ وکٹ حاصل کر لوں‘۔ انہوں نے کہا کہ مرلی دھرن صرف 30 برس کے ہیں اور وہ سری لنکا کی اننگز کے آدھے سے زیادہ اوور کرواتے ہیں۔ اس لئے ان کے پاس کافی وقت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مرلی کا بولنگ ایکشن بہت منفرد ہے۔ ’اگر کسی کا ایکشن روایتی نہ ہو یا مختلف ہو تو اسے تسلیم کرنا چاہیے۔‘ انہوں نے کہا کہ کسی کا سٹائل اس وقت تک نہیں بدلنا چاہیئے جب تک وہ کوئی غلط کام نہ کر رہے ہوں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||