| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ کی بدترین شکست
برطانیہ کی کرکٹ ٹیم سری لنکا میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں میزبان ٹیم سے ایک اننگز اور دو سو پندرہ رن سے ہار گئی جو گزشتہ تیس سالوں میں اس کی بدترین ٹیسٹ شکست ہے۔ اس ٹیسٹ میں ہار کے ساتھ برطانیہ دو ٹیسٹ کی سیریز ایک صفر سے ہار گئی۔ برطانوی ٹیم پہلی اننگز میں دو سو پینسٹھ رن بناسکی جب کے دوسری اننگز میں وہ ایک سو اڑتالیس کے رن پر آوٹ ہو گئی۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں چھ سو اٹھائیس رن بنا کر برطانیہ پر تین سو چھتیس رن کی برتری حاصل کر لی۔ برطانیہ کی ٹیم مارک بچر اور اینڈریوں فلنٹوف نے بالترتیب سینتس اور تیس رن بنائے اور سری لنکا کے بالروں کے خلاف کچھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کے سپنر مرلی دھرن نے اس میچ میں جیمز کرٹلی کو آوٹ کر کے تریسٹھ رن کے عوض چار وکٹ حاصل کیں اور اس سیریز میں مجموعی طور پر چھبیس وکٹ حاصل کیں۔ میچ کے آخری دن کھیل کے شروع ہی میں ایشلے جائیلز نے سری لنکا کے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کر دیا اور سری لنکا اپنے گزشتہ رات کے اسکور میں صرف پینسٹھ رن کا اضافہ کر سکا۔ چندنا چھہتر کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہوگئے اور یوں وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے کی کوشش میں ناکام رہے۔ تاہم اس کے بعد مرلی دھرن نے جائیلز کو ایک اوور میں دو چھکے لگائے ۔ برطانیہ کو ایک اچھے آغاز کی ضرورت تھی لیکن ٹریسکوتھک پہلے ہی اوور میں آوٹ ہو گئے۔ ووان اس کے بعد آوٹ ہونے والے دوسری کھلاڑی تھے اور وہ چودہ رن بنا سکے۔ مرلی دھرن اس سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر چار سو پچاسی کھلاڑیوں کو آوٹ کر نے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||