میراڈونا کی طبیعت سنبھل گئی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دنیائے فٹ بال کے مشہور کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے اور توقع ہے کہ کل (بدھ کے روز) مصنوعی سانس کی مشین ہٹا لی جائے گی۔ ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ڈیاگو میراڈونا دل اور سانس کے مرض میں مبتلا ہیں اور بیونوس ایئرز کے اسپتال کے شبعۂ انتہائی نگہداشت میں ہیں ۔ ان کے فیملی ڈاکٹر الفریڈو نے تردید کی ہے کہ میراڈونا کی طبیعت کوکین کھانے کی وجہ سے خراب ہوئی تھی۔ ارجنٹائن کے وزیرِ کھیل روبرٹا پرفیومونے کہا ہے کہ ’مجھے میراڈونا کے والد نے بتایا ہے کہ مصنوعی سانس کی مشین کا استعمال اب کم کیا جا رہا ہے اور امکان ہے اسے بدھ کو ہٹا دیا جائے گا۔‘ کلینک کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ میراڈونا بلند فشارِ خون اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور انہیں سانس لینے والی مشین کی سہولت فراہم کرنے کے بعد خواب آور دوا بھی دی گئی ہے۔ میرا ڈونا گزشتہ چند برس سے کیوبا میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے بارے میں منشیات کی عادت اور دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سننے میں آتی رہی ہیں۔ ان کے فیملی ڈاکٹر الفریڈو نے کہا ہے کہ ’ میں نے ان کی حالت میں قابلِ ذکر بہتری محسوس کی ہے اور اب ہم کچھ سکون کا سانس لے رہے ہیں۔‘
میراڈونا کو ایک فٹ بال میچ دیکھنے کے چند گھنٹے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اس میچ میں میراڈونا کے سابق کلب بوکا جونیئرز کی ٹیم بھی حصہ لے رہی تھی۔ ارجنٹائن کے صدر نستور کرچنر نے میراڈونا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ صدر نستور کرچنر نےکہا کہ ’تمام ہم وطنوں کی طرح مجھے بھی میراڈونا کی بیماری کی اطلاع سے بہت دکھ ہواء ہے۔ اس نے ارجنٹائن کے تمام لوگوں کو خوشی کا لمحہ فراہم کیا۔ وہ ایک عظیم آدمی ہے۔‘ ہسپتال میں ان کے اہلِ خانہ، دوستوں سابقہ بیوی اور دو بچوں نے ان کی عیادت کی۔ اس کے علاوہ ان کی خرابیِ صحت کی خبر پھیلتے ہی بہت سے صحافی اور درجنوں مداح بیونوس ایئرز میں امراء کے علاقے میں واقع سویزو ارجنٹینا کلینک کے باہر جمع ہو گئے تھے۔ ارجنٹینا کے ذرائع ابلاغ کی ابتدائی رپورٹوں کے مطابق میراڈونا کی بیماری کی ممکنہ وجہ منشیات کے زیادہ استعمال کو بتایا گیا لیکن میراڈونا کے خاندان کی رضامندی سے اسپتال کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ میراڈونا کی حالت بہت خراب تھی لیکن سانس لینے والی مشین کی مدد کے باعث وہ آسانی سے سانس لے پا رہے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||