میراڈونا اسپتال میں داخل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دنیائے فٹ بال کے مشہور اور ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ڈیاگو میراڈونا کو بیونوس ایئرز کے اسپتال کی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔ کلینک کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میراڈونا کو بلند فشارِ خون اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور انہیں سانس لینے والی مشین کی سہولت فراہم کرنے کے بعد خواب آور دوا بھی دی گئی ہے۔ میروڈونا گزشتہ چند برس سے کیوبا میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے بارے میں منشیات کی عادت اور دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سننے میں آتی رہی ہیں۔
میراڈونا کو ایک فٹ بال میچ دیکھنے کے چند گھنٹے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اس میچ میں میراڈونا کے سابق کلب بوکا جونیئرز کی ٹیم بھی حصہ لے رہی تھی۔ ان کی خرابیِ صحت کی خبر پھیلتے ہی بہت سے صحافی اور درجنوں مداح بیونوس ایئرز میں امراء کے علاقے میں واقع سویزو ارجنٹینا کلینک کے باہر جمع ہونے لگے۔ ارجنٹائن کے ذرائع ابلاغ کی ابتدائی رپورٹوں کے مطابق میراڈونا کی بیماری کی ممکنہ وجہ منشیات کے زیادہ استعمال کو بتایا گیا لیکن میراڈونا کے خاندان کی رضامندی سے اسپتال کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ میراڈونا کی حالت بہت خراب تھی لیکن سانس لینے والی مشین کی مدد کے باعث وہ آسانی سے سانس لے پا رہے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||