BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 11 March, 2004, 13:00 GMT 18:00 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
انڈین بیٹ کی جیت، بال کی ہار

پاکستانی شائقین
پاکستانی شائقین کی پریکٹس میچ میں دلچسپی۔
انڈین کرکٹ ٹیم کی بنیاد مضبوط بیٹنگ لائن پر کھڑی ہے لیکن کپتان سورو گنگولی کو پاکستان اے کے خلاف وارم اپ میچ میں اپنی بولنگ کی کمزوری کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہوگا۔ وہ بولرز جنہیں اس پورے دورے میں پاکستان کے ورلڈ کلاس بیٹسمینوں کا سامنا ہوگا، اس بیٹنگ لائن سے مات کھاگئے جس کا کوئی بھی بیٹسمین پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہے ۔ کپتان توفیق عمر اور عمران نذیر کی شاندار بیٹنگ نے پاکستان اے کے لئے 336 رنز کا ہدف ممکن بنادیا۔

پاکستان اے ٹیم کا اٹیک پاکستان کرکٹ ٹیم کی بولنگ جیسی کاٹ سے محروم تھا۔ بھارتی بیٹسمینوں نے شعیب اختر اینڈ کمپنی کے سامنے اعتماد سے آنے کے لئے اس پریکٹس میچ کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 335 رنز اسکور بورڈ پر سجادیئے ۔ بھارتی کپتان سورو گنگولی نے یہ دیکھتے ہوئے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل یہی ایک میچ انہیں میسر آیا ہے انہوں نے اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سامنے ہوگی ۔

بھارتی بیٹسمین ابتدا ہی سے عمرگل ، محمد خلیل ، یاسرعرفات ، جنیدضیاء اور قیصرعباس پر مشتمل بولنگ اٹیک کو کسی خاطر میں نہیں لائے ۔سچن ٹنڈولکر اور ویریندر سہواگ کے آتشیں اسٹروکس نے 149 رنز کے طوفانی آغاز سے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھ دی تھی ۔ سہواگ اپنے آئیڈیل بیٹسمین کے سامنے زیادہ نمایاں رہے۔ ان کے 75 رنز 13 چوکوں اور ایک چھکے سے سجے ہوئے تھے ۔ سچن ٹنڈولکر نے جو پاکستان کے گزشتہ دورے میں بے بی آف دی ٹیم کے روپ کو اب ایک ورلڈ کلاس بیٹسمین میں بدل چکے ہیں گیارہ چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی دلکش اننگز سے اپنی کمر اور اعتماد دونوں کا مضبوط ہونا ثابت کردیا ۔ ماسٹربیٹسمین کمر کی پرانی تکلیف میں مبتلا ہیں اور پاکستان آنے سے قبل بھی انہیں اس کی شکایت ہوئی تھی۔

راہول ڈریوڈ کی تیرہ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے اوپنرز کی محنت کو رائیگاں نہیں ہونے دیا ۔ کپتان گنگولی کے لئے یہ پرفارمنس طمانیت کا باعث تھی تاہم وہ خود اس بڑے اسکور میں قابل ذکر حصہ نہ دے سکے اور صرف 5 رنز بناسکے ۔ مہمان بیٹسمینوں کے سامنے مقامی بولرز کی مایوسی ان کے اعداد وشمار سے اسطرح جھلک رہی تھی کہ ہر بولر نے پچاس سے زائد رنز دیئے ۔ لیفٹ آرم اسپنر قیصر عباس کے لئے وہ لمحات یقینا یادگار تھے جب انہوں نے سہواگ کو بازید کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھر سچن ٹنڈولکر کو بولڈ کرکے قیمتی وکٹ حاصل کی۔

بھارتی بیٹسمینوں نے جو سلوک مقامی بولرز کے ساتھ کیا تھا اسی کے مستحق بھارتی بولرز بھی اننگز کے ابتدائی حصے میں ٹھہرائے گئے ۔ بھارتی اننگز کے پچاس رنز 4ء5 اوورز میں بنے تھے تو پاکستان اے ایک اوور کم میں اس تک پہنچ گئی ۔ عمران نذیر اسوقت جس بھرپور فارم میں ہیں سلیکٹرز کے لئے انہیں زیادہ دیر ٹیم سے باہر نہیں رکھ سکتے ۔ ظہیرخان اور عرفان پٹھان ان کی جارحیت والی بیٹنگ کے سامنے مشکل میں ہی رہے عرفان پٹھان کے پہلے ہی اوور میں 24 رنز بنے تھے۔

عمران نذیر 9 چوکوں اور ایک چھکے سے تقویت پانے والی 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ظہیرخان کے ہاتھوں بولڈ ہوئے تو پاکستان اے کا اسکور 127 رنز تھا۔

نعمان اللہ اور توفیق عمر کی شراکت میں بننے والے 93 رنز نے ٹیمپو برقرار رکھا لیکن 38 رنز کے اضافے پر نعمان اللہ توفیق عمر اور بازید خان کی وکٹیں گرنے سے بھارتی ٹیم کی گرفت مضبوط ہوگئی ۔ کپتان توفیق عمر نے شاندار سنچری سے ٹیسٹ سیریز کے لئے خود کو اچھی طرح تیار کرلیا ۔ فیصل اقبال اور قیصر عباس نے فیصلہ کن مرحلے میں ذمہ دارانہ بیٹنگ سے پاکستان اے کی جیت پر مہرتصدیق کردی اسوقت 24گیندیں باقی رہتی تھیں ۔فیصل اقبال 50 اور قیصرعباس38 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارتی بولرز نے ایکسٹرا رنز کی بھرمار کرتے ہوئے 42 رنز دیئے ظہیرخان نے 12 نوبال اور 10 وائیڈ کراتے ہوئے ایک وکٹ کے لئے 78 رنز دے ڈالے
سخت سکیورٹی میں کھیلے گئے اس میچ میں قذافی اسٹیڈیم تماشائیوں کے لئے ترستا رہا پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹکٹ فروخت کئے جانے کی مناسب تشہیر نہیں کی جس کی وجہ سے لوگ لاعلم ہی رہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد