کرکٹ: سیاست کی نذر؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں اس برس اپریل اور مئی کے درمیانی عرصے میں انتخابات منعقد کرانے کی تیاریاں جاری ہیں لیکن ساتھ ہی بی جے پی کی قیادت والی بھارتی مخلوط حکومت میں شامل ایک طاقتور گروہ یہ چاہتا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ ملتوی ہو جائے۔ بظاہر اس کی وجہ پاکستان میں بھارتی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے معاملے کو بتایا جا رہا ہے جو بعض حلقوں کے مطابق ایک جائز تشویش ہے۔ بعض مبصرین کے خیال میں بی جے پی کے کچھ اراکین کو تشویش ہے کہ پاکستان میں بھارتی ٹیم کی ممکنہ شکست پارٹی کے انتخابی امکانات پر منفی اثرات مرتب کرے گی۔ برصغیر پاک و ہند میں کرکٹ کو ایک کھیل سے کہیں زیادہ مقام حاصل ہے۔ یہاں بیشتر لوگوں کو کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ ہے۔ یہ لوگ کرکٹ کو ویسی ہی اہمیت دیتے ہیں جیسے کہ مذہب کو دی جاتی ہے اور میچ کے دوران انتہائی جذباتی انداز میں محو رہتے ہیں۔ اور ظاہر ہے کہ جب میچ جنوبی ایشیا کے دو حریف ممالک پاکستان اور بھارت کے، جو انیس سو سینتالیس کے بعد دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں، درمیان ہو تو یہی جنون اپنے عروج کو پہنچ جاتا ہے۔
دونوں ایٹمی فریق کچھ عرصے سے دوطرفہ امن و امان کا راگ الاپ رہے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان میں کرکٹ سیریز کا انعقاد صورت حال میں بہتری کو آگے بڑھانے کی کوشش تھی۔ لیکن اب دہلی یکدم بےیقینی کا شکار نظر آنے لگا ہے جسے سیکیورٹی کے انتظامات پر تشویش کا نام دیا جا رہا ہے البتہ بھارت کے بعض سینیئر کھلاڑیوں نے بھی اس معاملے پر تحفظات پیش کئے ہیں۔ بھارت کے آئندہ انتخابات میں حکمراں جماعت پارٹی بی جے پی کے لئے حالیہ دورِ حکومت میں معیشت کو حاصل ہونے والے فروغ سے پارٹی کی ساکھ کو تقویت پہنچ سکتی ہے لیکن بی جے پی کو اب یہ خدشہ لاحق ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان میں ہار جاتی ہے تو اس سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔ اس کے علاوہ حکام کو یہ تشویش لاحق ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کے دورۂ پاکستان کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس سے پاک بھارت امن کے عمل پر برے اثرات پڑیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کرکٹ سیریز کے خلاف بیشتر بیانات بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے سننے میں آئے ہیں۔ لال کرشن اڈوانی بھارت کے وزیر داخلہ ہیں، سخت گیر ہندو ہیں اور بی جے پی میں وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||