فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کریگا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے دوران سہولتوں اور خاص کر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان آئے ہوئے بھارتی وفد نے یہ واضح کردیا ہے کہ دورے کے بارے میں حتمی فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ ان کی رپورٹ ملنے کے بعد کرے گا۔ اس تین رکنی وفد نے جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکرٹری رتناکر سیٹھی ، ڈائریکٹر کمیونیکیشن امرت ماتھر اور آئی جی پولیس یشوردھن آزاد شامل ہیں پاکستان میں کرکٹ کے مراکز کا دورہ کر رہے ہیں جہاں بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے میچ کھیلے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری رتناکر سیٹھی نے نیشنل سٹیڈیم میں صحافیوں سے مختصر گفتگو میں اس بات کی وضاحت کی کہ انہوں نے سکیورٹی پر اطمینان کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا ، یہ معاملہ یشوردھن آزاد دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفد کے دیگر دو ارکان ٹیم اور میڈیا کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پندرہ فروری کو وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ حتمی میٹنگ کے بعد وطن جاکر اپنی رپورٹ بھارتی کرکٹ بورڈ کو پیش کرنے والے ہیں۔ سیٹھی نے بھارتی اخباری اطلاعات پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا جن میں بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو دورہ مختصر کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی نے دورے کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار صدر جگ موہن ڈالمیا کو سونپ دیا ہے۔ راولپنڈی اور پشاور کے بعد وفد نے جمعرات کو کراچی میں مصروف دن گزارا۔ اس نے رینجرز کے صدر دفتر میں بریفنگ میں شرکت کی جس میں اسے رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے لئے وہ انتظامات کئےگئے ہیں جو عام طور پر وی آئی پی شخصیات کے لئے مخصوص ہوتے ہیں۔ میچ کے دوران نیشنل سٹیڈیم اور اس کے قریب پولیس اور رینجرزکے چھ سو جوان تعینات کئے جائیں گے جبکہ ہوٹل اور سٹیڈیم کے راستے میں بھی سخت سکیورٹی ہوگی۔ وفد کو ٹیم کے ہوٹل اور اسٹیڈیم کے راستے میں کی جانے والی سکیورٹی کی ریہرسل بھی کرکے دکھائی گئی۔ وفد نے ٹیم ہوٹل میں کھلاڑیوں کے ممکنہ کمروں کا بھی جائزہ لیا اور ہوٹل کی پارکنگ کا بھی معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ اسی ہوٹل کے باہر خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں فرانسیسی انجینئرز ہلاک ہوئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا تھا جب نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم ہوٹل سے سٹیڈیم کے لئے روانہ ہونے والی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||