| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سکواش: بڑے ٹورنامنٹ سے باہر
لاہور میں جاری عالمی اوپن سکواش چیمپئن شپ خاصی حیران کن شکل اختیار کر چکی ہے اور دنیائے سکواش کے تمام بڑے بڑے کھلاڑی ٹورنامنٹ کے ابتدائی مراحل میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو ہونے والے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ڈیوڈ پالمر مصر کے امر شبانہ سے دو کے مقابلے تین گیمز سے ہار گئے ہیں۔ امر شبانہ نے پہلی گیم 11/15 سے جیت لی تاہم ان فٹ ہونے کے سبب پالمر کے کھیل میں وہ تیزی اور پھرتی نہیں تھی جو اس کے کھیل کی خصوصیت ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود پالمر نے ہمت نہیں ہاری اور اور دوسری گیم جیت لی۔ تیسری گیم میں پھر مصری کھلاڑی حاوی ہوئے اور 5/15 سے یہ گيم لے اڑے۔ چوتھی گیم میں ڈیوڈ پالمر ایک وقت میں ہار رہے تھے لیکن پھر انہوں نے زور لگایا اور چوتھی گیم ہارتے ہارتے جیت گئے۔ پانچویں گیم میں پالمر کی انجری نے اپنا کام دکھایا اور انہوں نے ریفری سے آرام کے لیے وقت مانگا مگر ریفری کے مطابق جب تک واضح انجری نظر نہ آئے اس وقت تک آرام کے لیے وقت نہیں مل سکتا۔ اس موقع پر پالمر بہت پریشان نظر آئے اور شبانہ نے یہ گیم بڑی آسانی سے 2/15 سے جیت لی اور یوں دفاعی چیمپئن پری کوارٹر فائنل سے ہی چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے۔ ڈیوڈ پالمر نے میچ کے بعد کہا کہ وہ گزشتہ دو تین ٹورنامنٹ سے ہی ان فٹ تھے اور انکے مخالف نے انکی اسی کمزوری سے فائدہ اٹھایا۔ جمعرات کا دوسرا اپ سیٹ سیڈ سکاٹ لینڈ کے جون وائٹ کی آسٹریلیا کے جوزف نیپ کے ہاتھوں شکست تھی۔ نیپ چودہویں سیڈ کھلاڑی تھےلیکن انہوں نے جون وائٹ کو جو دو سیڈ کھلاڑی ہیں تین سٹریٹ گیمز میں شکست دی۔ جون وائٹ جوزف کی تیز ڈراپ شاٹس کا جواب نہ دے سکے۔ جون نے بھی یہ بات تسلیم کی کہ ان کا حریف اپنے اچھےکھیل کی وجہ سے جیتا ہے۔ سیڈنگ میں پینتیسویں نمبر پر اٹلی کے کھلاڑی ڈیوڈ بیانکیتی جنہوں نے دوسرے راؤنڈ میں ورلڈ نمبر ایک پیٹر نکل کو شکست دے کر واپس بھجوایا آج پھر اچھا کھیلے اور دسویں سیڈ فرانس کے گریگری گول ٹيئر سے جیت گئے۔ پری کوارٹر فائنل مقابلوں کے اختتام پر صورتحال یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کے پہلے دوسرے اور تیسرے سیڈ کھلاڑی واپسی کی ٹکٹیں کٹوا چکے ہیں۔ یہ عالمی اوپن سکواش چیمپئن شپ اس لحاظ سے مختلف اور یادگار ہے کہ چیمپئن شپ کے ابتدائی مراحل میں جتنے بڑے اپ سیٹ ہوئے ہیں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ جمعہ سے چیمپئن شپ کوارٹر فائنل مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||