| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرکٹ: بھارت کی تاریخی فتح
بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میں چار وکٹوں سے شکست دے کر بیس سال بعد ملک سے باہر پہلی فتح حاصل کر لی۔ اسٹریلیا نےگزشتہ دس برس میں اپنی سرزمین پر کھیلے جانے والے ساٹھ ٹیسٹ میچوں میں سے صرف آٹھ میں شکست کھائی ہے اور دنیا کی بہترین ٹیم کو گھر پر ہرانا کسی بھی ٹیم کے لئے ایک کارنامہ تصور کیا جاتا ہے۔ بھارت کو یہ شرف بیٹسمین راہول ڈراوِڈ کی عمدہ کارکردگی کے باعث حاصل ہوا۔ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد راہول ڈراوِڈ نے بہتر رنز بنائے اور آحر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کا ساتھ پھر ایک بار لکشمن نے دیا جو بتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ منگل کے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو بھارت کو جیت کے لئے ایک سو چھیانوے رن درکار تھے اوراس کا کوئی کھلاڑی آوٹ نہیں ہوا تھا۔ چوتھے روز کھیل ختم ہونے پر بھارت کی ٹیم بغیر کسی نقصان کے سینتیس رنز پر کھیل رہی تھی۔ آسٹریلیا کی ٹیم جس نے پہلی اننگز میں چار وکٹ کے نقصان پر پانچ سوچھپن رن بنائے تھے دوسری اننگز میں صرف دو سو تیس رن بنا سکی۔ بھارت کے تیز رفتار بالر اجیت اگرکر نے اکتالیس رن دے کر چھ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور بھارت کی میچ جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اجیت اگرکر نے اس سے پہلے کہا تھا کہ اگر ان کی ٹیم عقلمندی سے کھیلی تو بھارت یہ میچ جیت سکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||