اینڈرسن، سٹوکس اور عادل رشید کی سکواڈ میں واپسی

جیمز اینڈرسن نے گذشتہ دنوں لنکاشائر کاؤنٹی کی طرف سے کھیلتے ہوئے 22 اوورز کرائے اور تین وکٹیں حاصل کیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنجیمز اینڈرسن نے گذشتہ دنوں لنکاشائر کاؤنٹی کی طرف سے کھیلتے ہوئے 22 اوورز کرائے اور تین وکٹیں حاصل کیں

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی سکواڈ میں جیمز اینڈرسن، بین سٹوکس اور عادل رشید کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ جمعے سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ سے ٹوبی رولینڈ جونز کو ڈراپ کیا گیا جبکہ سٹیون فن اور جیک بال نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔

خیال رہے کہ لارڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں<link type="page"><caption> پاکستان نے انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی تھی</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2016/07/160717_pak_england_day4_sh.shtml" platform="highweb"/></link>۔ اس میچ میں جیمز اینڈرسن اور سٹوکس انجری کے باعث شرکت نہیں کر سکے تھے۔

تجزیہ کاروں کے خیال میں لارڈز میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے جیک بال کی جگہ اینڈرسن کو دوسرے ٹیسٹ میں کھلایا جا سکتا ہے جبکہ عادل رشید کی ٹیم میں شمولیت انگلینڈ کے لیے مددگار ہوسکتی ہے کیونکہ اولڈ ٹریفورڈ کی بچ سپن بولروں کے لیے مددگار ہونے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty

جیمز اینڈرسن نے گذشتہ دنوں لنکاشائر کاؤنٹی کی طرف سے کھیلتے ہوئے 22 اوورز کرائے اور تین وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ سٹوکس نے ایک کاؤنٹی میچ میں 36 اووز کروا کر اپنی فٹنس ثابت کی ہے، اس میچ میں انھوں نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کا سکواڈ: کک، ہیلز، روٹ، ونس، بیلنس، سٹوکس، بیرسٹو، معین علی، عادل رشید، ووکس، براڈ، فن اور جیک بال۔