’لارڈز کی تاریخی جیت ایدھی کے نام ‘

مصباح الحق نے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم سیریز کے اگلے میچوں میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمصباح الحق نے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم سیریز کے اگلے میچوں میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی
    • مصنف, عادل شاہ زیب
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کو فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے حال ہی میں وفات پانے والے بانی عبدالستار ایدھی کے نام کیا ہے۔

اتوار کو فتح کے بعد بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ’ایدھی صاحب نے جو ہمارے لیے کیا ہے، کامیابی ان کے نام کرنا پاکستانی قوم کی جانب سے انھیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ لارڈز میں جیت بحیثیت کپتان ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

’لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں جیتنا کسی بھی کپتان کے لیے ایک خصوصی فتح ہوتی ہے اور میرے لیے بھی آج کا دن تاریخی ہے۔‘

بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الحق نے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم سیریز کے اگلے میچوں میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

مصباح الحق نے یہ بھی کہا کہ ’ہم جیت تو گئے ہیں تاہم ہمیں بیٹنگ میں ڈسپلن کو مزید بہتر خصوصاً شارٹس سلیکشن کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔‘

مصباح الحق نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری سکور کی تھی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمصباح الحق نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری سکور کی تھی

سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے پاکستان میں ٹیلنٹ کی عدم موجودگی کے بیان پر مصباح الحق نے کہا کہ یہ آفریدی کا ذاتی تجزیہ ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں موجود ٹیلینٹ کو عالمی معیار پر لانے کے لیے مزید پالش کرنے کی ضرورت ہے۔

لارڈز ٹیسٹ کے ٹرننگ پوائنٹس کے بارے میں مصبالح الحق نے کہا کہ ’پہلی اننگز کی برتری اور دوسری اننگز میں اسد شفیق اور سرفراز کی پارٹنرشپ میچ کے ٹرننگ پوائنٹس تھے۔‘

فتح کے بعد پاکستانی ٹیم گراؤنڈ میں اس بار سجدوں کے بجائے پش اپس اور سلیوٹ کرتی دکھائی دی۔

مصباح الحق نے اس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پش اپس اور سلیوٹ ان پاکستانی فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیے گئے ’جو ملک و قوم کے لیے زندگی قربان کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں نے برطانیہ کے دورے سے قبل پاکستان آرمی کے زیرِاہتمام ہونے والے ٹریننگ کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بہت مدد کی تھی۔