رافیل نڈال کے ہاتھوں اینڈی مرے کو ساتویں شکست

،تصویر کا ذریعہGetty
سپین سے تعلق رکھنے والے ٹینس سٹار رافیل نڈال نے برطانوی اینڈی مرے کو مونٹی کارلو ماسٹرز میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
اینڈی مرے نے کئی بار میچ میں واپس آنے کی کوشش کی لیکن ہسپانوی کھلاڑی نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد لگاتار دونوں سیٹ جیت کر اینڈی مرے کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
رافیل نڈال نے دو گھنٹے اور 44 منٹ تک جاری رہنے والے اس سیمی فائنل میچ میں دو چھ، چھ چار، اور چھ دو سے کامیابی حاصل کی۔
یہ اینڈی مرے کی رافیل نڈال کے خلاف کلے پر کھیلے گئے آٹھ میچوں میں ساتویں شکست تھی۔ جبکہ اس جیت کے ساتھ رافیل نڈال نے اے ٹی پی ورلڈ ٹوور کے اپنے 100ویں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
فائنل میں ان کا مقابلہ گائل مونفلز سے ہوگا۔
اینڈی مرے نے کلے کورٹ پر پہلی مرتبہ رافیل نڈال کو گذشتہ سال میڈریڈ ماسٹرز کے فائنل میں شکست دی تھی۔ لیکن ان کی عالمی نمبر پانچ رافیل نڈال کو مسلسل دوسری شکست دینے کی امید اس ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں شکست کے ساتھ ہی دم توڑ گئی۔



