نڈال کو آسٹریلین اوپن کے پہلے میچ میں ہی شکست

پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں نڈال کے پاس ورڈاسکو کی نپی تلی شاٹس کا کوئی جواب نہ تھا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں نڈال کے پاس ورڈاسکو کی نپی تلی شاٹس کا کوئی جواب نہ تھا

14 گرینڈ سلام ٹینس مقابلے جیتنے والے ہسپانوی کھلاڑی رافیل نڈال آسٹریلین اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

میلبرن میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں ففتھ سیڈ نڈال کو ان کے ہم وطن فرنینڈو ورڈاسکو نے منگل کو ایک سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

عالمی نمبر 45 واڈاسکو نے یہ میچ دو کے مقابلے میں تین سیٹس سے جیتا۔

نڈال نے میچ کا پہلا سیٹ ٹائی بریکر پر ہارنے کے بعد اگلے دونوں سیٹس چھ چار اور چھ تین کے سکور سے جیتے۔

تاہم اس موقع پر ورڈاسکو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور چوتھا سیٹ ٹائی بریکر پر جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔

پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں نڈال کے پاس ورڈاسکو کی نپی تلی شاٹس کا کوئی جواب نہ تھا اور ورڈاسکو نے یہ سیٹ یکطرفہ مقابلے کے بعد چھ دو سے جیت کر میچ جیت لیا۔

فتح کے بعد ان کا کہنا تھا کہ رافا (رافیل ندال) کے خلاف ایسے وقت میں جیتنا ناقابلِ یقین ہے جب آپ ایک سیٹ کے خسارے میں ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں پانچویں سیٹ میں ناقابلِ یقین حد تک اچھا کھیلا۔ میں نہیں جانتا کہ میں یہ کیسے کر پایا۔ بس میں نے تو آنکھیں بند کیں اور کھیلتا گیا۔‘

ورڈاسکو کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جارحانہ انداز میں کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ ’شاید 2009 میں ہی میں نے آج سے زیادہ تیز شاٹس کھیلی ہوں۔ میں میچ کو اس سے زیادہ طویل نہیں کرنا چاہتا تھا۔‘