’وراٹ کوہلی ذہین بلے باز ہیں‘

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے وراٹ کوہلی ہدف کے تعاقب کے ماہر بنتے جا رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشندائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے وراٹ کوہلی ہدف کے تعاقب کے ماہر بنتے جا رہے ہیں

وراٹ کوہلی کو ورلڈ ٹی20 میں آسٹریلیا کے خلاف عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ’جینیئس ود دی بیٹ‘ کا خطاب دیا گیا ہے۔

ان کی اس ناقابل شکست اننگز کی بدولت انڈیا آسٹریلیا کو سپر 10 مرحلے میں ہرانے کے بعد سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

انڈیا کو آخری دو اووروں میں جیتنے کے لیے 20 رنز درکار تھے لیکن وراٹ کوہلی نے 18ویں اوور میں چار چوکے لگا کر ہدف کو اپنی ٹیم کے لیے انتہائی آسان بنا دیا۔

انڈیا کے سابق کرکٹر کپل دیو کا کہنا ہے کہ ’میں اس ذہین بلے باز کو سلام پیش کرتا ہوں۔‘

کمینٹیٹر پراکاش وکانکر نے وراٹ کوہلی کی اس اننگز کے بعد کہا کہ ’کوہلی انڈین ٹیم میں ریٹائر ہونے والے بلے باز سچن تندولکر کا درجہ حاصل کر سکتے ہیں۔‘

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے وراٹ کوہلی ہدف کے تعاقب کے ماہر بنتے جا رہے ہیں۔ بین الاقوامی ٹی 20 میچوں میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ان کی رن بنانے کی اوسط 91.80 ہے۔

اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف 82 رنز کی اننگز کے بعد اس ٹورنامنٹ میں ان کا مجموعی سکور 184 ہو گیا ہے جو انھوں نے چار میچوں میں سکور کیا ہے۔ 92 کی اوسط سے رنز بنانے کے بعد وہ سپر 10 مرحلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

انڈین کمینٹیٹر پراکاش وکانکر نے بی بی سی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وراٹ کوہلی انڈیا کے لیے کم عمر سینیئر سٹیٹس مین بن رہے ہیں۔ انھوں نے ٹیم کو اکٹھا کیا ہوا ہے اور وہ خود نہیں بلکہ ان کا بلا بات کرتا ہے۔ وہ مکمل کنٹرول میں دکھائی دیتے ہیں۔‘