جنوبی افریقہ، سری لنکا کا سفر ختم، انگلینڈ سیمی فائنل میں

،تصویر کا ذریعہAFP
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ہفتے کو کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 10 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
انگلینڈ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہو گیا ہے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا سکی۔
سری لنکا کی بیٹنگ کی نمایاں بات کپتان میتھیوز کی شاندار بیٹنگ تھی۔ انھوں نے 54 گیندوں میں تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ہیمسٹرنگ کے باعث میتھیوز کو بھاگنے میں دشواری پیش آئی۔
سری لنکا کو ابتدائی اوورز ہی میں نقصان اٹھانے پڑے۔ دلشان دو اور چندیمل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے اوور میں سریوردھنےسات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسی اوور کی آخری گیند پر تھریمانےتین رن بنا کر رن آؤ ہو گئے۔
13 ویں اوور میں چمارا کاپوگدیرا نے پلنکٹ کی گیند پر اونچی شاٹ کھیلی اور کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 27 گیندوں میں 30 رنز بنائے۔
انھوں نے میتھیوز کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 10 اوورز میں 80 رنز سکور کیے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پریرا 17 ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 11 گیندوں میں 20 رنز سکور کیے۔
19 ویں اوور میں شناکا آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 9 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بنائے۔
19 ویں اوور کی آخری گیند پر ہیراتھ یارکر پر شاٹ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس سے قبل انگلینڈ کی اننگز کی نمایاں بات بٹلر کی جارحانہ بیٹنگ تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
انھوں نے 37 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
سری لنکا کو دوسرے اوور میں ہیراتھ نے کامیابی دلوائی جب انھوں نے ہیلز کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
11 ویں اوور میں سری لنکا کو بڑی کامیابی ملی جب وندرسے نے جو روٹ کو آؤٹ کیا۔ جو روٹ نے 24 گیندوں میں 25 رنز بنائے۔
13 ویں اوور میں وندرسے نے سری لنکا کو ایک اور کامیابی دلوائی۔ انھوں نے جیسن روئے کو آؤٹ کیا۔ جیسن نے 39 گیندوں میں 42 رنز بنائے۔
20 ویں اوور میں مورگن 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
انگلینڈ اور سری لنکا دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ اہم ہے۔ تاہم جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کیسا کھیلتا ہے اور آخر میں ساری بات نیٹ رن ریٹ پر آئے گی۔
لیکن دونوں ٹیموں کو یہ میچ جیتنا اہم ہے تاکہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن رہیں۔
سری لنکا کی ٹیم سے توقعات فاسٹ بولر ملینگا کی انجری کے باعث کم ہو گئی ہیں۔ لیکن اس کے باوجود اس کے بولرز نے اچھی کارکدگی دکھائی ہے۔
سری لنکا انگلینڈ کے خلاف سپنرز کو استعمال کرے گا۔
انگلینڈ کوویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بری طرح شکست ہوئی تھی لیکن اگلے ہی میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ توڑا اور میچ جیتا۔



