افغانستان کو 15 رنز سے شکست

اوئن مورگن کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناوئن مورگن کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے

آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کرکٹ کے دہلی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو 15 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چار پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔

انگلینڈنے اب تک تین میچ کھیل کر چار پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے اس کا امکان بڑھ گیا ہے۔

افغانستان کی اننگز

افغانستان کی اننگز کا آغاز ہی اچھا نہیں رہا اور پہلے اووروں میں اس کی اہم وکٹیں گر گئیں۔

افغانستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد شہزاد تھے جو صرف چار رنز بنا سکے۔ ان کی وکٹ انگلینڈ کی طرف سے ڈیوڈ ولی نے لی۔

دوسرا اوور انگلینڈ کی طرف سے جارڈن نے کرایا اور وہ بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ آوٹ ہونے والے اصغر ستنکزئی تھے۔ اس اوور میں نیلے رنگ کی ایک کٹی پتنگ میدان میں آ گری اور میچ کو روک کر اسے باہر لے جایا گیا۔

تیسرا اوور ولی نے پھینکا اور اُس میں انھوں نے گلبدین نبی کو آؤٹ کر دیا۔ گلبدین نبی شاٹ کھیلنا چاہ رہے تھے لیکن گیند بلے پر نہ آئی اور وہ کور میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

میچ کے آٹھویں اوور میں مورگن نے معین علی کی گیند پر راشد خان کا ایک زبردست کیچ پکڑ لیا اور یوں افغانستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔ اگلے اوور میں افغانستان کو ایک اور نقصان ہوا جب عادل رشید نے اپنے پہلے ہی اور میچ کے نویں اوور میں اپنی ہی گیند پر نور علی زردان کو آؤٹ کر دیا۔ اس وقت افغانستان کا سکور صرف 39 رنز تھا۔

افغانستان کے بلے باز 15 اوور ختم ہونے پر صرف 84 رنز بنا پائے تھے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ تھے۔

انگلینڈ کی اننگز

قبل ازیں معین علی کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر مجموعی طور پر 142 رنز بنائے ہیں۔

معین علی نے میچ کے آخری اووروں میں 33 گیندوں پر 41 رنز ایک ایسے وقت بنائے جب دوسری طرف سے انگلینڈ کی وکٹیں دھڑا دھڑ گر رہی تھیں اور اس کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ دوسری جانب سے ولی نے بھی معین کا بھرپور ساتھ دیا۔

افغانستان کی طرف سے بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کرنے والے حمزہ نے بولنگ شروع کی جب کہ انگلینڈ کی طرف سے جیمز ونس اور جیسن روئے نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔

پہلے اوور میں حمزہ نے انگلینڈ کے بلے بازوں کو کوئی موقع نہیں دیا اور اس اوور میں صرف دو رنز بنے۔

دوسری طرف سے تیز رفتار بولنگ کرنے والے شاپور زادران بولنگ کرانے آئے۔ زادران کے اوور کی پانچویں گیند پر روئے نے ایک زبردست چوکا لگایا۔ اس اوور میں مجموعی طور پر نو رنز بنے۔

تیسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر ونس نے آف پر پڑی گیند کو بڑی آسانی سے کور میں زبردست چوکا لگایا۔ تیسرے اوور کی آخری گیند پر حمزا نے روائے کو آؤٹ کر دیا۔

روائے کے بعد روٹ کھیلنے آئے۔ چوتھے اوور میں روٹ نے میچ کا پہلا چھکا لگایا۔ اس اوور میں مجموعی طور پر 11 رنز بنے۔

پانچویں اوور کے اختتام پر انگلینڈ نے 41 رنز بنائے تھے۔

چھٹے اوور میں بولنگ میں تبدیلی کی گئی جو فوری طور پر افغانستان کے لیے سود مند ثابت ہوئی۔ نبی نے اپنی ہی گیند پر ونس کو کیچ آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد اوئن مورگن کھیلنے آئے لیکن وہ نبی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مورگن نے آف پر پڑنے والی اس گیند پر کوئی شاٹ کھیلنے کی کوشش نہیں کی اور گیند مڑ ہو کر وکٹ پر آ لگی۔

روٹ رن آؤٹ ہوئے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنروٹ رن آؤٹ ہوئے

نبی نے دو گیندوں پر دو وکٹیں لیں۔ تیسری بال پر ایل بی ڈبلیو کی زبردست اپیل ہوئی لیکن بال آف سٹمپ کے باہر تھی۔ نبی نے میچ کا آٹھوں اوور بھی کرایا اور اس اوور میں بھی انگلینڈ کے بلے باز رنز بنانے میں ناکام رہے۔

اس سے اگلے اوور میں انگلینڈ کے بلے بازوں میں غلط فہمی کی وجہ سے رن آؤٹ کی اپیل ہوئی۔ یہ رن آؤٹ افغانستان کے لیے واقعی بہت اہم تھا کیونکہ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں انگلینڈ کے ہیرو جو روٹ تھے۔

یہ رن آؤٹ بڑے ڈرامائی انداز میں ہوا۔ پہلے بولنگ اینڈ پر نبی کے ہاتھوں میں بال آنے سے قبل ہی بیلز گر گئیں لیکن انھوں نے کمال حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بال ہاتھ میں آتے ہی وکٹ اکھاڑ دی۔ ری پلے نے ثابت کیا کہ جب وکٹ اکھاڑی گئی روٹ ابھی کریز میں واپس نہیں آ پائے تھے۔

میچ کے نویں اوور میں سمیع اللہ شنواری کو بولنگ کرنے کے لیے کہا گیا۔ ان کی ایک گیند پر نبی نے زبردست کیچ پکڑ کر انگلینڈ کے پانچویں کھلاڑی بٹلر کو آؤٹ کر دیا۔

دسواں اوور راشد کو کرانے کے لیے ملا اور انھوں نے اس اوور میں انگلینڈ کے ایک اور جارحانہ بلے باز بین سٹوکس کو آؤٹ کر دیا۔ سٹوکس آٹھ گیندوں پر صرف سات رنز بنا پائے۔

13 اوور ختم ہونے پر انگلینڈ کا سکور 74 رنز تھا اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ تھے۔ کریز پر معین علی اور کرس جارڈن موجود تھے۔

15ویں اوور میں افغانستان کے سترہ سالہ سپن بولر راشد نے جارڈن کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد ولی کھیلنے آئے۔ اننگز کے 15 اوور میں انگلینڈ کا مجموعی سکور صرف 87 رنز تھا۔

دہلی میں افغانستان ٹیم کے بہت سے مداح موجود تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشندہلی میں افغانستان ٹیم کے بہت سے مداح موجود تھے

راشد نے اپنے چار اوور میں 17 رنز دے کر دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ انھوں نے چار اوور میں 14 گیندیں ایسی کرائیں جن پر کوئی رن نہیں بن سکا۔

اس موقع پر معین علی نے انگلینڈ کی ٹیم کو محتاط بلے بازی سے کسی حد تک مستحکم کرنے میں مدد دی اور انگلینڈ نے سترہویں اوور میں اپنے سو رن مکمل کر لیے۔

انیسویں اوور میں معین علی نے حمزہ کو ایک زبردست چھکا اور پھر چوکا لگایا۔ اسی اوور میں ولی نے دوسرا چھکا لگایا۔ اس اوور کی پہلی پانچ گیندوں پر 19 رنز بنے۔ آخری گیند پر ایک اور چھکا لگا۔ مجموعی طور پر انگلینڈ نے 25 رنز بنائے۔ حمزہ نے اپنے پہلے تین اوور میں صرف 20 رنز دیے تھے۔

20واں اور آخری اوور زاردان کو دیا گیا۔ پہلی ہی گیند وائڈ ہو گئی۔

انگلینڈ نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک دو میچ کھیلے ہیں جن میں ایک جیتا ہے اور ایک ہارا ہے۔ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے آخر میچ میں زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔

اس ہائی سکورنگ میچ میں 230 رنز کا ہدف حاصل کر کے انگلینڈ کے بلے بازوں نے خاص طور پر جو روٹ نے اپنی انتہائی شاندار فارم کا مظاہرہ کیا تھا۔

افغانستان کی ٹیم جو پہلی مرتبہ یہ ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے اس نے ابھی تک کوئی میچ نہیں جیتا۔