سری لنکا کی جیت، دلشان کی شاندار اننگز

،تصویر کا ذریعہAFP
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے پہلے گروپ کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا نے دلشان کی شاندار اننگز کی وجہ سے افغانستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
دلشان کے ارادے شروع ہی سے بڑے خطرناک دکھائی دے رہے تھے۔ انھوں نے 85 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ رنز انھوں نے صرف 56 گیندوں پر بنائے جس میں تین چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔
سری لنکا نے پہلے پانچ اوور میں 41 رنز بنائے جب ان کی پہلی وکٹ چندیمل کی صورت میں گری۔ چندیمل نے 17 گیندوں پر 18 رنز بنائے اور ان کی وکٹ محمد نبی نے لی۔ دوسری طرف دلشان اس وقت تک دو شاندار چھکوں اور چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا چکے تھے۔
سری لنکا کی دوسری وکٹ 58 کے سکور پر گری جب تھیرمانے بولڈ ہو گئے۔ ان کی وکٹ سترہ سالہ سپنر راشد خان نے لی۔
چوتھا نقصان سری لنکا کا اس وقت اٹھانا پڑا جب 12ویں اوور میں پریرا رن آؤٹ ہو گئے۔
لیکن دوسری طرف دلشان نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
قبل ازیں افغانستان کے کپتان اصغر ستنکزئی کی شاندار نصف سنچری کی بدولت افغانستان نے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ستنکزئی کا ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ تو ٹھیک ثابت نہیں ہوا لیکن اس کو درست ثابت کرنے کے لیے انھیں بہت محنت کرنی پڑی۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر نہ جم سکا۔
افغانستان کے بلے بازوں کو ابتدا میں جس طرح کی دشواری پیش آ رہی تھی اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کے پہلے دس اوور میں صرف 47 رنز بنے تھے۔
ستنکزئی نے اس موقع پر ایک زبردست اننگز کھیلی اور چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 62 رنز سکور کیے۔
ان کے 62 رنز کی وجہ سے افغانستان مقررہ 20 اوور میں 153 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔
تھشارا پریرا سری لنکا کی طرف سے کامیاب رہے اور انھوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ انھوں نے 33 رنز دیے۔
اس سے قبل کپتان اینجلو میتھیوز نے سری لنکا کی طرف سے بولنگ کا آغاز کیا جبکہ افغانستان کے کوچ انضمام الحق نے سری لنکا کی بولنگ کا سامنا کرنے کے لیے میدان میں نور علی اور محمد شہزاد کو اتارا۔
میتھیوز کے دوسرے اوور میں محمد شہزاد ایک شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ افغانستان کے بلے بازوں کو شاٹس کھیلنے میں دشواری پیش آ رہی تھی۔ پہلے تین اوور میں صرف ایک باؤنڈری لگ سکی۔
نور علی زدران میچ کے نویں اوور میں رنگنا ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ہیراتھ کی ایک گیند پر ان کی لیگ وکٹ اڑ گئی۔ نور علی 23 گیندوں پر 20 رنز بنا سکے۔
نور علی کی جگہ کریم صادق کھیلنے آئے لیکن تھشارا پریرا کی آف سٹمپ کے باہر پڑی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
11 ویں اوور میں سری لنکا کے ہیراتھ نے محمد نبی کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس وقت مجموعی سکور 53 رنز تھا۔
ایڈن گارڈن کولکتہ کا یہ وہی میدان تھا جس میں گذشتہ روز پاکستان کی ٹیم نے دو سو رنز سکور کیے تھے۔



