ورلڈ ٹی20 میں افغانستان کی دوسری فتح

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنافغانستان کی جانب سے محمد نبی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے دیے گئے 117 رنز کا ہدف افغانستان نے 18 اووروں میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

افغانستان کی جانب سے نور علی زدران اور محمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 70 رنز بنائے۔ محمد شہزاد 41 اور نور علی زدران 35 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے رائن کیمبل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ناگپور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی چار وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بولر رہے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے انشومن رتھ 28 اور رائن کیمبل 27 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

جبکہ ہانگ کانگ کو اپنے پہلے میچ میں زمبانوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس سے قبل جمعرات کو ہی کھیلے گئے ایک میچ میں زمبابوے نے سکاٹ لینڈ کو 11 رنز سے شکست دے کر کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی۔

ناگپور میں کھیلے گئے اس میچ میں 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور کی چوتھی گیند پر 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔