اتوار کا میچ ’ایک زبردست میچ ہوگا‘

ہماری پوری کوشش ہوگی کہ کل کا میچ جیتیں
،تصویر کا کیپشنہماری پوری کوشش ہوگی کہ کل کا میچ جیتیں
    • مصنف, ارم عباسی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، چنئ

’پاکستانی ویمنز ٹیم بہت عمدہ کھیل رہی ہے، انھوں نے بھارت جیسی ٹیم کے بعد بنگلہ دیش جیسی ٹیم کو شکست دی تو یقیناً وہ روز بروز بہتری کی طرف جا رہی ہے۔ اس لیے کل کا میچ ایک زبردست میچ ہوگا۔‘

یہ بات بی بی سی سے ایک خصوصی انٹرویو میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی کپتان شارلیٹ ایڈورڈز نے کہی ہے۔

چنئی کے چدم برام سٹیڈیم میں کل کے میچ کی پریکٹس کے لیے آئی شارلیٹ نے کہا کہ ’پاکستانی ٹیم میں ہمیں ہر سال بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے،جو خواتین کے انٹرنینشل کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہے۔‘

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 27 مارچ کو چینئی کے چدم برام سٹیڈیم میں گروپ بی کا آخری میچ ہو رہا ہے۔

انگلینڈ نے اب تک اپنے تینوں میچز جیتے ہیں جبکہ پاکستان نے دو میچز جیتے ہیں اور ایک میں انھیں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا۔

انگلینڈ کی ویمنز ٹیم کی کپتان شارلیٹ نے مزید کہا ’ہماری ٹیم تجربہ کار پلیرز اور نئے ٹیلینٹ کا زبردست امتراج ہے۔ تمام ٹیم ممبرز اپنا اپنا رول اچھی طرح سمجھتی ہیں تو میرے خیال میں ہمار ی خوبی کل کے میچ میں ہمارے کام آئے گی۔‘

اس سوال پر کہ مردوں کے مقابلے میں آج بھی خواتین کے کرکٹ کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی پھر چاہے وہ یورپ ہو یاجنوبی ایشا تو اب تک کی جدوجہد کیسی رہی، شارلیٹ کا کہنا تھا۔’میں تقریباً پچھلے 20 برس سے کرکٹ کھیل رہی ہوں یقیناً یہی ایک جدوجہد رہی ہے مگر اب ہمیں میڈیا کوریج پہلے سے بہتر مل رہی ہے اور ویمنز کرکٹ کے حالات بھی پہلے سے بہت بہتر ہوئے ہیں تو اس طرح کے ٹورنامنٹ سے مزید بہتری آئے گی اور ہم تمام روکاوٹیں جلد عبور کر لیں گے۔‘

کیا چنئی کا موسم انگلش کھلاڑیوں کے لیے مشکل ثابت ہو سکتا ہے؟

شارلیٹ کہتی ہیں کہ ’ظاہر ہے کہ پاکستان کو یہی موسم زیادہ سوٹ کرتا ہے، وہ اس کے عادی ہیں مگر ہم ماضی میں اس طرح کے موسم میں بہتر کرکٹ کھیل چکے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ کل کا میچ جیتیں۔‘

انگلینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ کے تین میچز چیت تو چکی ہے مگر اس کی بٹینگ زیادہ جمی نہیں، کیا یہی مسئلہ کل کی جیت کے آڑے آ سکتا ہے؟

شارلیٹ کا کہنا ہے کہ ’ہاں بیٹنگ کے کچھ مسائل ہوئے مگر ہم نے ہر میچ جیتا ہے اور میرے خیال میں یہی بہت اہم ہے۔ کل کے میچ میں ہمارا اہم فوکس بہتر بٹینگ پر بھی ہو گا۔‘

پاکستانی ٹیم اگر کل کا میچ جیت جاتی ہے تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ پاکستانی ٹیم ماضی کی ٹی ٹوینٹی چپمپین انگلینڈ ٹیم کو 2013 میں ہونے والے ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں اسی کے ہوم گروانڈ میں ایک میچ میں ہرا چکی ہے۔