خواتین ورلڈ ٹی20: انگلینڈ دو وکٹوں سے فاتح

،تصویر کا ذریعہGetty
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں خواتین کے مقابلوں میں منگل کو دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے انڈیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
انڈیا کی جانب سے دیے گئے 91 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 18ویں اوور کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹیمی بومونٹ 20 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔
انڈیا کی جانب سے اکتا بشت نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے۔
ہرمن پریت کور انڈیا کی جانب سے نمایاں بلے باز رہیں جنھوں نے 26 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ کی جانب سے ہیتھر نائٹ نے تین اور انیا شربسول نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
گروپ بی سے انڈیا اب تک دو میچ کھیل چکی ہے۔ پہلے میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں اسے پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم بے اب تک ایک ہی میچ کھیلا ہے جس میں وہ فاتح رہی تھی۔
اس وقت گروپ بی میں بنگلہ دیش واحد ٹیم ہے جس نے تین میچ کھیلے ہیں اور اسے تینوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم پہلے، انڈیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے اور پاکستان کی خواتین ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔



