خواتین ورلڈ ٹی20: نیوزی لینڈ کی چھ وکٹوں سے جیت

میگ لیننگ صفر پر آؤٹ ہوئیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمیگ لیننگ صفر پر آؤٹ ہوئیں

بھارت کے شہر ناگپور میں خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ناگپور میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 104 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 16.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ریچل پریسٹ نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز سکور کیے۔

آسٹریلیا کی شروعات مایوس کن رہی اور چار کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

پانچویں وکٹ کی شراکت میں بلیک ویل اور پیری نے 26 رنز بنائے۔ تاہم بلیک ویل صرف 10 رنز بنا سکیں اور بولڈ ہوئیں۔

چھٹی وکٹ کی شراکت میں پیری اور جوناسن نے 39 رنز سکور کیے۔

پیری نے 48 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز سکور کیے۔ ان کو ڈیون نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

پیری کے علاوہ جوناسن نے 22 گیندوں میں 23 رنز سکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کیسپرک تین، برمنگھم دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہیں۔