پاکستانی خواتین کی نو وکٹوں سے کامیابی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کرکٹ ٹیم نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے خواتین کے مقابلوں میں پاکستان کی ٹیم نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستانی ٹیم کی اس ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی کا سہرا سدرہ امین اور بسمہ معروف کی شاندار اور جارحانہ بلے بازی کو جاتا ہے۔

بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 114 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستانی کھلاڑیوں نے سدرہ کی نصف سنچری کی بدولت 16.3 اووروں میں آسانی سے حاصل کر لیا۔

سدرہ امین نے اپنی اننگز میں چار شاندار چوکے لگائے اور مجموعی طور پر 48 گیندوں کا سامنا کر کے 53 رنز بنائے۔ یہ سدرہ کی ٹی 20 میچوں میں پہلی نصف سنچری تھی۔ بسمہ معروف نے بھی اپنی اننگز میں چار چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں میں 43 رنز سکور کیے۔

بولنگ کے شعبے میں سب سے کامیاب بولر انم امین رہیں، جنھوں نے 12 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انم امین ان مقابلوں میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر رہیں۔ کپتان ثنا میر نے اپنے چار اووروں میں 16 رنز دے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی اننگز کے دوران پاکستان بولروں اور فیلڈروں نے نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا تھا۔

بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا میچ بڑا اہم تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا میچ بڑا اہم تھا

بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے کامیاب بلے باز فرحانہ حق رہیں جنھوں نے 37 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔

پاور پلے میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے 26 رنز بنائے تھے اور اس کی دو کھلاڑی آؤٹ ہوئیں۔

یہ میچ دہلی میں فیروز شاہ کوٹلہ کے میدان میں کھیلا گیا۔

پاکستان کی خواتین کی ٹیم اس میچ سے قبل انڈیا کی ٹیم کو شکست دے چکی ہے۔

پاکستان کے گروپ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے چار چار پوائنٹس ہیں۔ جبکہ پاکستان اور انڈیا کے دو دو پوائنٹس ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی کپتانی ثنا میر کر رہی تھیں جبکہ جہاں آرا عالم بنگلہ دیشی ٹیم کی کپتان تھیں۔

،تصویر کا ذریعہSana Mir

میچ سے قبل جہاں آرا عالم نے کہا تھا کہ اس پچ پر 120 یا 125 کا ہدف میچ جیتنے کے لیے کافی ہو گا، جب کہ ثنا میر نے کہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو 100 رنز کے اندر اندر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گی۔

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور عالیہ ریاض کی جگہ سعدیہ یوسف کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

قبل ازیں آسٹریلیا کی ٹیم نے سری لنکا کی ٹیم کے خلاف میچ نو وکٹوں سے جیت لیا تھا۔