محمد حفیظ زخمی، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے باہر

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے ان فارم بلے باز محمد حفیظ پنڈلی میں چوٹ کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے بتایا کہ محمد حفیظ موہالی میں ٹیم پریکٹس کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔
ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ منگل کو موہالی میں کھیلا جانے والا ہے۔
انتخاب عالم نے مزید بتایا کہ وہاب ریاض کو بھی پریکٹس کے دوران گردن پر شعیب ملک کی جانب سے پھینکی جانے والی تھرو لگی تھی۔
تاہم ان کے مطابق وہاب ریاض کا سکین تھیک آیا ہے اور وہ اب فٹ ہیں۔
خیال رہے کہ محمد حفیظ نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے پہلے میچ میں نصف سنچری سکور کی تھی اور وہ اس وقت پاکستان کی جانب سے ان فارم بلے باز دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان کو ورلڈ ٹی 20 کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے نیوزی لینڈ کو شکست دینا ہوگی جو اس وقت اپنے ابتدائی دونوں میچ جیتنے کے بعد گروپ میں پہلے نمبر پر ہے۔



