ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے کا آغاز آج سے

نیوزی لینڈ آج تک بھارت سے کوئی ٹی 20 میچ نہیں ہارا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشننیوزی لینڈ آج تک بھارت سے کوئی ٹی 20 میچ نہیں ہارا

ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر 10 مرحلے کا آغاز منگل کو میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ سے ہو رہا ہے۔

ناگپور کے ودربھا سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

نیوزی لینڈ کی کپتان کین ولیمسن کو سونپی گئی ہے جو اس ٹورنامنٹ میں ایک ایسی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جسے بھارت میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں۔

تاہم اگر ٹی 20 کرکٹ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے باہمی مقابلوں پر نظر دوڑائی جائے تو ایک یکطرفہ صورتحال سامنے آتی ہے۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ماضی میں چار مرتبہ ٹی 20 میچوں میں مدِمقابل آ چکی ہیں اور ان تمام میچوں میں فتح نیوزی لینڈ کے حصے میں ہی آئی ہے۔

تاہم ان میں سے صرف ایک میچ ہی بھارتی سرزمین پر کھیلا گیا ہے اور چنئی میں سنہ 2012 میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے فتح حاصل کی تھی۔

بھارتی ٹیم سنہ 2009 کے بعد بار ناگپور کے میدان میں کوئی ٹی 20 میچ کھیل رہی ہے۔

ورلڈ ٹی 20 کے آغاز سے قبل بھارتی ٹیم بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایشیا کپ مقابلوں میں ناقابلِ شکست رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنورلڈ ٹی 20 کے آغاز سے قبل بھارتی ٹیم بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایشیا کپ مقابلوں میں ناقابلِ شکست رہی ہے

سات برس قبل جب بھارتی ٹیم سری لنکا کے خلاف میدان میں اتری تھی تو اسے 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بھارتی ٹیم اس وقت آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں سرِفہرست ہے اور حال ہی میں اس کے بلے بازوں اور نوجوان بولروں کی کارکردگی عمدہ رہی ہے۔

نیوزی لینڈ اس عالمی ٹورنامنٹ سے قبل عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر ہے لیکن ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی اسے ٹاپ تھری ٹیموں میں جگہ بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔

ورلڈ ٹی 20 سنہ 2016 میں بھارت اور نیوزی لینڈ کو گروپ 2 میں رکھا گیا ہے جس کی بقیہ ٹیمیں بنگلہ دیش، پاکستان اور آسٹریلیا ہیں۔

بھارتی ٹیم اس میچ کے بعد 19 مارچ کو کولکتہ میں روایتی حریف پاکستان کا سامنا کرے گی جبکہ نیوزی لینڈ کا دوسرا میچ 18 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف ہے۔