بھارت نے بنگلہ دیش کو ہرا کر ایشیا کپ جیت لیا

ابتدائی نقصان کے بعد شکھر دھون اور وراٹ کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنابتدائی نقصان کے بعد شکھر دھون اور وراٹ کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی

بنگلہ دیش کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ جیت لیا ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو جیتنے کے لیے مقررہ 15 اوورز میں 121 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 14 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی روہت شرما تھے جو ایک رن بنا کر الامین حسین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد شکھر دھون اور وراٹ کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ وراٹ کوہلی 41 اور مہندر سنگھ دھونی 20 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

شکھر دھون نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 44 گیندوں پر60 رنز بنائے اور تسکین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

صابر رحمان 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنصابر رحمان 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے

خیال رہے کہ بارش کے باعث یہ میچ 20 کے بجائے 15، 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت پر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیش نے مقررہ 15 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی اننگز کی خاص بات صابر رحمان اور محمود اللہ کی شاندار پارٹنرشپ تھی۔

محموداللہ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ صابر رحمان بھی 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی سومیا سرکار تھے جو 14 رنز بنا کر اشیش نہرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ بمرا کے حصے میں آئی جنھوں نے تمیم اقبال کو 13 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

بارش کے باعث میچ دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبارش کے باعث میچ دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا

بنگلہ دیش کے تیسری وکٹ 64 کے مجموعی سکور پر گری جب شکیب الحسن 21 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ مشفیق الرحیم چار رنز بنا پائے۔ کپتان مشرفی مرتضیٰ بغیر کوئی رن بنائے جادیجہ کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

بھارت نے وہی ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا جو اس نے سری لنکا کے خلاف آزمائی تھی یعنی بھونیشور کمار، ہربھجن سنگھ اور نیگی کی جگہ روندر جادیجہ، اشیش نہرا اور روی چندرن ایشون کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم میں لیف آرم سپنر ناصر حسین اور ابو حیدر کو شامل کیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کا اس ٹورنامنٹ میں یہ پہلا میچ ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بھی بھارت نے بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست دی تھی۔