بھارت ایشیا کپ میں ناقابل شکست

،تصویر کا ذریعہAFP
بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
بھارت نے 82 رنز کا ہدف 11ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس طرح بھارت ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے۔
آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی روہت شرما تھے جنھوں نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ جبکہ یوراج سنگھ نے 25 اور شکھر دھون نے 16 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن وہ ایک بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز ہی بنائے۔
اس سکور میں 43 رنز شیمان انور کے تھے جو اننگز کے آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ صرف روحان مصطفیٰ کا سکور ہی دوہرے ہندسوں تک پہنچ سکا جنھوں نے 11 رنز بنائے۔
بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کی جانب سے آزمائے گئے تمام بولرز وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس میچ کے لیے بھارت نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے بھنیشور کمار، ہربھجن سنگھ اور پون نیگی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس میچ کے نتیجے کا کسی بھی ٹیم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ بھارت اور بنگلہ دیش پہلے ہی تین، تین میچ جیت کر ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا چکے ہیں۔
گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا تھا۔



