ایشیا کپ: بھارت آخری اوور میں میچ جیت گیا

،تصویر کا ذریعہap
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کے ایک میچ میں بھارت نے سری لنکا کا 138 رنز کا ہدف میچ کے آخری اوور کی دوسری گیند پر حاصل کر کے میچ جیت لیا ہے۔
اس ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پانچ وکٹیں گریں لیکن ورات کوہلی ڈٹے رہے اور 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہنے والے کپتان دھونی تھے جنھوں نے سات رنز بنائے۔
سری لنکا نے نو وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے اور بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی طرف سے شیکھر دھون اور روہت شرما کی جوڑی اوپننگ کے لیے آئی لیکن دوسرے اوور کی آخری گیند پر ہی دھون کلاسکیرا کی گیند پر چندی مل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھے اوور میں کلاسکیرا نے روہت شرما کو بھی آؤٹ کر ڈالا۔
لیکن بعد میں ورات کوہلی اور سریش رائنا نے نہایت عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 70 تک پہنچا دیا۔ اس سکور پر رائنا 25 رنز بنا کر شناکا کی گیند پر کالوسکیرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے۔
بھارت کی چوتھی وکٹ یوراج سنگھ کی تھی جنھوں نے 35 رنز بنائے۔ وہ پریرا کی گیند پر کلاسکیرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے فوراً بعد پانڈیا بھی دو رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
سری لنکا کی طرف سے سب سے زیادہ سکور کاپوگودیرا نے بنایا جو 30 رنز بنا کر بمراہ کی گیند پر پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ سری وردانا 22، دلشان 18 اور میتھیوز 18 رنز بنا پائے۔
بھارت کی طرف سے بمراہ، ایشون اور پانڈیا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نہرا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔



