چھٹے ورلڈ ٹی 20 کا میلہ بھارت میں سج گیا

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ زمبابوے اور ہانگ کانگ کے مابین کھیلا جائے گا

،تصویر کا ذریعہunk

،تصویر کا کیپشنٹورنامنٹ کا پہلا میچ زمبابوے اور ہانگ کانگ کے مابین کھیلا جائے گا

آئی سی سی کے چھٹے ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز منگل سے بھارت کے شہر ناگپور میں ہو گیا ہے۔

تین اپریل تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں کل 16 ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں ابتدائی آٹھ پوزیشنز پر براجمان ٹیمیں براہِ راست دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔

ان کے علاوہ دیگر آٹھ ٹیمیں منگل سے شروع ہونے والے پہلے راؤنڈ میں حصہ لے رہی ہیں اور ان میں سے دو 15 مارچ سے شروع ہونے والے سپر 10 مرحلے میں باقی آٹھ ٹیموں کے ساتھ شریک ہوں گی۔

پہلے راؤنڈ میں شریک آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، ہالینڈ اور اپنا پہلا بڑا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیلنے والی عمان کی ٹیم شامل ہے۔

دوسرے گروپ میں افغانستان کے ساتھ ہانگ کانگ، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کو رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ زمبابوے اور ہانگ کانگ کے مابین کھیلا جا رہا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ زمبابوے اور ہانگ کانگ کی ٹیم کسی ٹی 20 میچ میں مدِمقابل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہunk

اس میچ کے لیے جہاں ہانگ کانگ کی امیدیں اپنے بلے باز بابر حیات سے وابستہ ہیں وہیں زمبابوے کو میلکم والر سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

والر ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کے شاہد آفریدی کے بعد سب سے زیادہ (160) کا سٹرائیک ریٹ رکھنے والے بلے باز ہیں۔

آج ہی دوسرے میچ میں افغانستان کی ٹیم سکاٹ لینڈ کا سامنا کرے گی۔

یہ دونوں ٹیمیں چھٹی مرتبہ کسی انٹرنیشنل ٹی 20 میچ میں مدِمقابل ہیں اور سکاٹ لینڈ کو تاحال افغانستان پر اپنی پہلی فتح کی تلاش ہے۔

اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل افغانستان کی ٹیم اچھی فارم میں ہے اور اس نے گذشتہ 12 ٹی 20 میچوں میں سے دس میں فتح حاصل کی ہے۔

افغانستان کے محمد شہزاد سنہ 2015 میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ (297) رنز بنانے والے بلے باز تھے۔