اومان اور ہالینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں جمعے کو ہالینڈ اور اومان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا ہے۔
دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اومان نے ٹاس جیت کر پہلے ہالینڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی تاہم بارش کی وجہ سے میچ شروع ہی نہیں ہو سکا۔
اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔
جس کے بعد گروپ اے میں اومان تین پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور بنگلہ دیش دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔
جبکہ ہالینڈ کی ٹیم دو میچوں میں ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
اومان ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ایک کامیابی حاصل کر چکا ہے جب اس نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد آئرلینڈ کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب ہالینڈ کو اس کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں آٹھ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
گروپ بی میں افغانستان پہلے اور زمبابوے دوسرے نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت کر چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کو ناگپور میں بھی دو میچز کھیلے گئے تھے۔پہلے میچ میں زمبابوے نے سکاٹ لینڈ کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔
ناگپور میں ہی کھیلے گئے دوسرے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے ہانگ کانگ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی تھی۔



