زمبابوے نے سکاٹ لینڈ کو 11 رنز سے شکست دے دی

زمبابوے کے لیے شان ولیمز نے نصف سنچری بنائی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنزمبابوے کے لیے شان ولیمز نے نصف سنچری بنائی

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے ایک میچ میں جمعرات کو زمبابوے نے سکاٹ لینڈ کو 11 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ناگپور میں کھیلے جانے والے میچ میں 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور کی چوتھی گیند پر 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

زمبابوے کی جانب سے ولینگٹن مساکاٹزا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز جارج منسے تھے جو پہلے ہی اوور میں دو چوکے لگانے کے بعد سٹمپ ہوگئے۔

اگلے ہی اوور میں چتارا نے کراس کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر زمبابوے کو دوسری کامیابی دلوائی۔

اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے شان ولیمز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اس میچ میں قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

ولیمز نے نصف سنچری بنائی اور 53 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔

سکاٹ لینڈ کے لیے سفیان شریف، مارک واٹ اور الیسڈیر ایونز نے دو، دو وکٹیں لیں۔

یہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے۔

سبانڈا صرف چار رنز ہی بنا سکے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسبانڈا صرف چار رنز ہی بنا سکے

زمبابوے نے اپنے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو 14 رنز سے شکست دی تھی جبکہ سکاٹ لینڈ کو افغانستان کے ہاتھوں 14 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ تین اپریل تک جاری رہنے والے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں کل 16 ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں ابتدائی آٹھ پوزیشنوں پر براجمان ٹیمیں براہِ راست دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں شریک آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، ہالینڈ اور اپنا پہلا بڑا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیلنے والی عمان کی ٹیم شامل ہے۔

دوسرے گروپ میں افغانستان کے ساتھ ہانگ کانگ، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کو رکھا گیا ہے۔

دونوں گروپوں میں سے ایک ایک ٹیم سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔