افغانستان نے سکاٹ لینڈ کو 14 رنز سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہAFP
آئی سی سی کے چھٹے ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے میچ میں افغانستان نے سکاٹ لینڈ کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔
منگل کو ناگپور میں کھیلے جانے والے میچ میں 171 رنز کی ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنا سکی اور اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
سکاٹ لینڈ کی اننگز کا آغاز جارحانہ تھا اور اس موقع پر نو اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنا لیے تھے تاہم اس کے باوجود سکاٹ مقرر ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
سکاٹ لینڈ کی طرف سے جارج منسی 29 گیندوں پر 41 اور کائل کوئٹزر 27 گیندوں پر 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کے جانب سے راشد خان نے دو جبکہ محمد نبی اور سمیع اللہ شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقرر 20 اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر170 رنز بنائے۔افغانستان کی اننگز میں محمد شہزاد 39 گیندوں پر 61 اور اصغر ستانکزئی55 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔
جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں علی زردان 17، گلبدین نائب 12، محمد نبی ایک اور شفیق اللہ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے واٹ، ڈیوے اور شریف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
تین اپریل تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں کل 16 ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں ابتدائی آٹھ پوزیشنوں پر براجمان ٹیمیں براہِ راست دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ہانگ کانگ کو 14 رنز سے شکست دی تھی۔
زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے ہانگ کانگ کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 144 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
خیال رہے کہ ورلڈ ٹ 20 میں آٹھ ٹیمیں پہلے راؤنڈ میں حصہ لے رہی ہیں اور ان میں سے دو 15 مارچ سے شروع ہونے والے سپر 10 مرحلے میں باقی آٹھ ٹیموں کے ساتھ شریک ہوں گی۔
پہلے راؤنڈ میں شریک آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، ہالینڈ اور اپنا پہلا بڑا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیلنے والی عمان کی ٹیم شامل ہے۔
دوسرے گروپ میں افغانستان کے ساتھ ہانگ کانگ، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کو رکھا گیا ہے۔



