ورلڈ ٹی20 میں اومان نے آئرلینڈ کو ہرا دیا

ذیشان مقصود نے عامر کلیم کی گیند پر پال سٹرلنگ کا شاندار کیچ پکڑا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنذیشان مقصود نے عامر کلیم کی گیند پر پال سٹرلنگ کا شاندار کیچ پکڑا

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 کرکٹ مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بدھ کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں اومان نے آئرلینڈ کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 155 رنز کا ہدف اومان نے اپنی اننگز کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اننگز کے آخری اوور میں اومان کو جیتنے کے لیے 14 رنز درکار تھے جو اس نے بولر میکس سورنسن کی جانب سے کروائی جانے والی دو نو بالز اور تین چوکوں کی مدد سے اوور کی چوتھی گیند پر ہی حاصل کر لیے۔

اومان کی جانب سے اننگز کے آخری اوورز میں عامر علی اور جتیندر سنگھ کے درمیان ہونے والی چھٹی وکٹ کی شراکت نے اومان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے۔ عامر علی نے 17 گیندوں پر 32 اور جتیندر سنگھ نے 26 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔

دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے میچ میں اومان کی جانب سے خاور علی اور ذیشان مقصود نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 69 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

اس شراکت کو کیون اوبرائن نے خاور کی وکٹ لے کر توڑا۔ سکور میں نو رنز کے اضافے کے بعد ذیشان مقصود بھی کیون اوبرائن کی ہی دوسری وکٹ بنے۔

اس سے قبل آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

گیری ولسن آئرلینڈ کی جانب سے نمایاں بلے باز رہے جنھوں نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔

اومان کی جانب سے مونس انصاری تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے۔

آئرلینڈ کی ٹیم میں ولیئم پورٹرفیلڈ، پال سٹرلنگ، انڈریو پوائنٹر، نیل او برائن، گیری ولسن، کیون او برائن، اینڈی مک برائن، کریگ ینگ، میکس سورینسن، ٹم مورتاگ، بوئڈ رینکن شامل ہیں۔

جبکہ اومان کی ٹیم سلطان احمد، عامر کلیم، عدنان الیاس، ذیشان مقصود، عامر علی، جتیندر سنگھ، بلال خان، اے وی لالچیتا، خاور علی، مونس انثاری اور مہران خان پر مشتمل ہے۔