بنگلہ دیش کے دو بولروں کا ایکشن مشکوک قرار

،تصویر کا ذریعہAFP
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے دو بولروں آف سپنر عرفات سنی اور فاسٹ بولر تسکین احمد کے بولنگ ایکشنز کو مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بدھ کو بنگلہ دیش اور ہالینڈ کے میچ کے بعد امپائروں نے ان دونوں کے ایکشن قواعد و ضوابط کے خلاف ہونے کے بارے میں رپورٹ دی۔
بنگلہ دیش نے یہ میچ آٹھ رنز سے جیت لیا تھا تاہم تسکین اور عرفات دونوں ہی اس میچ میں وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ سے رابطے میں ہے تاکہ چنّئی میں واقع آئی سی سی کے ٹیسٹنگ مرکز میں ان دونوں بولروں کے بائیومکینک تجزیے کے لیے وقت متعین کیا جا سکے۔
آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد سات دن کے اندر تجزیے کی رپورٹ سامنے آنی چاہیے تاہم رپورٹ آنے تک بولر انٹرنیشنل میچوں میں بولنگ کر سکتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بنگلہ دیش کی کسی بولر کا ایکشن مشکوک قرار دیا گیا ہو۔
سنہ 2014 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مشکوک بولنگ ایکشن کی پاداش میں<link type="page"><caption> بنگلہ دیش کے آف سپنر سہاگ غازی پر پابندی عائد کی تھی۔</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2014/10/141008_ghazi_utseya_suspended_illegal_action_zs" platform="highweb"/></link>



