ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکامی، آندرے رسل کو معطلی کا سامنا

،تصویر کا ذریعہGetty
جمیکا کے انسداد ڈوپنگ کمیشن (جیڈکو) کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر آندرے رسل نے ایک سال کے دوران تین بار ڈوپنگ ٹیسٹ کے مواقع ضائع کر دیے ہیں۔
جیڈکو کے مطابق ڈوپنگ ٹیسٹ کے قوانین کے تحت تین بار ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکامی کو مثبت ٹیسٹ کے طور پر لیا جاتا ہے جس کا مطلب ہے کہ 27 سالہ آندرے رسل کو معطلی کا سامنا ہے۔
جیڈکو کی آزاد انضباطی کمیٹی کے چیئرمین کینٹ پینٹری کا کہنا تھا ’میں آندرے کے کیس کو سننے کے لیے ایک پینل تشکیل دے چکا ہوں۔‘
خیال رہے کہ آندرے رسل بھارت میں آٹھ مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ویسٹ انڈیز کے سکواڈ میں شامل ہیں۔
عالمی ڈوپنگ ایجنسی کے قوانین کے مطابق کھلاڑی مقامی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کو یہ ٹیسٹ دینے سے پہلے ایک گھنٹہ قبل ضرور آگاہ کریں۔
آندرے رسل نے گذشتہ ماہ دبئی میں منعقد ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی جہاں انھوں نے اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
27 سالہ آل راؤنڈر کو اس ٹورنامنٹ میں سب زیادہ وکٹیں لینے پر بہترین بولر کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
آندرے رسل انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے علاوہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔



