آندرے رسل نے ویسٹ انڈیز کو فتح دلوا دی

آندرے رسل نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآندرے رسل نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی

ویسٹ انڈیز نے سیریز کے چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں پہلی بار فتح کا ذائقہ چکھ لیا۔

ویسٹ انڈیز کی فتح میں اہم ترین کردار آل راؤنڈر آندرے رسل نے ادا کیا جو آخر تک وکٹ پر موجود رہے اور اپنی ٹیم کو فتح یاب کروایا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89323" platform="highweb"/></link>

پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 49ویں اوور میں حاصل کیا۔

اس ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغان اچھا نہ تھا اور 73 رنز پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔

تاہم اس کے بعد چھٹی وکٹ کے لیے مارون سیموئلز نے ڈیرن سیمی کے ساتھ مل کر 93 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

ان دونوں بلے بازوں نے اس دوران نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ تاہم جب پہلے سیمی اور پھر 189 کے مجموعی سکور پر سیموئلز بھی آؤٹ ہوئے تو اس وقت بھی مہمان ٹیم کو فتح کے لیے مزید 74 رنز درکار تھے۔

اس موقع پر آندرے رسل نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سیریز میں پہلی فتح دلوا دی۔

ڈیوڈ ملر کی سنچری اپنی ٹیم کے کسی کام نہ آ سکی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنڈیوڈ ملر کی سنچری اپنی ٹیم کے کسی کام نہ آ سکی

انھیں اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فرحان بہاردین اور جے پی ڈومینی دو، دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

اس سے قبل پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ وہ 130 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ ڈومینی نے تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے چار وکٹیں لیں جبکہ کورٹل دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

اس میچ کے نتیجے کا سیریز کے نتیجے پر کوئی فرق نہیں پڑا کیونکہ جنوبی افریقہ پہلے ہی پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچ جیت کر سیریز جیت چکا ہے۔