جوہانزبرگ میں ویسٹ انڈیز کی ریکارڈ ساز کامیابی

کرس گیل کو ان کی آتشی بلے بازی کے لیے مین آف دا میچ کے اعزاز سے لگاتار دوسری بار نوازا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکرس گیل کو ان کی آتشی بلے بازی کے لیے مین آف دا میچ کے اعزاز سے لگاتار دوسری بار نوازا گیا

جوہانزبرگ میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ ساز کامیابی کے ساتھ سریز میں دو صفر کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں اتنے بڑے ہدف کو ابھی تک عبور نہیں کیا جا سکا تھا۔

اوپنر بیٹس مین کرس گیل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز کا بڑا ہدف رکھا۔ فاف دو پلیسی نے 56 گیندوں پر 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 119 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 26 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔

اس کے جواب میں کرس گیل نے صرف 41 گیندوں پر نو چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنا کر ہدف کو آسان بنا دیا جبکہ ان کے ساتھ میرلن سیموئلز نے 39 گیندوں پر 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

کپتان ڈیرن سیمی اور رام دین نے مطلوبہ رنز با آسانی بنا لیے۔

فاف دو پلیسی مسلسل رنز بنا رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنفاف دو پلیسی مسلسل رنز بنا رہے ہیں

ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹ کے نقصان پر چار گیند پہلے ہی مطلوبہ رنز حاصل کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا کیونکہ اس سے قبل کوئی بھی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اتنے بڑے سکور کو کامیابی کے ساتھ عبور کرنے میں ابھی تک ناکام رہی تھی۔

اس سے قبل کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ميچ میں ویسٹ انڈیز نے کرس گیل کے جارحانہ 77 رنز کی بدولت چار وکٹوں سے ہی کامیابی حاصل کی تھی۔

اس میچ میں بھی میرلن سیموئلز نے اچھی کارکردگی دکھائي تھی اور 41 رنز بنائے۔

کرس گیل کو ان کی آتشی بلے بازی کے لیے مین آف دا میچ کے اعزاز سے لگاتار دوسری بار نوازا گیا۔